وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ کے لیے حکومت ترجیحی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی سے چلنے والی گاڑیوں سے نہ صرف پیٹرول اور ڈیزل کی درآمد کی مد میں قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی بلکہ یہ گاڑیاں ماحول دوست بھی ہوں گی۔ وزیراعظم نے بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے حوالے سے جامع فنانشل ماڈل پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت الیکٹرک وہیکلز (بجلی سے چلنے والی گاڑیوں) کے استعمال کے حوالے سے اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ای-وہیکلز پالیسی اسی سال نومبر تک مکمل کی جائے۔ انہوں نے ملک میں ای-وہیکلز کی تیاری کے حوالے سے لائیسنز کے ضابطہ کار کو بہتر بنانے، ای-وہیکلز کی پالیسی کے حوالے سے تمام صوبوں اور وفاقی اکائیوں اور اسٹیک ہولڈرز سے ضروری مشاورت کی بھی ہدایت کی۔
مزید پڑھیں:بی وائی ڈی کی آمد سے پاکستان جلد الیکٹرک گاڑیاں برآمد کرنے والا ملک بن جائے گا، وزیر خزانہ
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ اسکیم کی طرز پر سرکاری اسکولوں کے اچھی کارکردگی دکھانے والے طلبا میں ای-موٹر بائیکس تقسیم کی جائیں گی۔ آئندہ تمام وفاقی سرکاری اداروں میں الیکٹرک موٹر بائیکس کی خریداری کی جائے گی تا کہ قومی خزانے کی بچت ہو۔ وزیراعظم نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو اسلام آباد میں بجلی پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بھی جامع پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو ملک میں ای-وہیکلز کے استعمال کے فروغ کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ سال 2022 سے اب تک مقامی سطح پر 2 اور 3 پہیوں پر چلنے والی الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کے لیے 49 لائسنس جاری کئے جا چکے ہیں جن میں سے 25 کارخانوں میں ان گاڑیوں کو بنانے کا آغاز ہوچکا ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 4 پہیوں پر چلنے والی الیکٹرک گاڑیوں کی مقامی سطح پر تیاری کے حوالے سے پہلا لائسنس ستمبر 2024 میں جاری کیا گیا ہے۔ مقامی سطح پر تیار کی گئی پہلی الیکٹرک کار اس سال دسمبر تک مارکیٹ میں آ جائے گی۔
مزید پڑھیں:کیا شرح سود کم ہونے سے گاڑیوں کی قیمتیں کم ہو جائیں گی؟
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ملک میں اس وقت 2 اور 3 پہیوں پر چلنے والی الیکٹرک وہیکلز کی تعداد 45 ہزار ہے جبکہ 4 پہیوں پر چلنے والی الیکٹرک وہیکلز کی تعداد 2600 ہے۔ الیکٹرک گاڑیوں کے لیے ری-چارج اسٹیشنز ترجیحی بنیادوں پر موٹرویز، جی ٹی روڈ (قومی شاہراہ 5)، قومی شاہراہ 65 اور 70 پر لگائے جائیں گے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک، وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔