چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سیّد عاصم منیر نے کہا ہے کہ معاشرے میں مایوسی پیدا کرنے کی ناکام کوششیں کرنے والوں کو تمام اسٹیک ہولڈرز کی اجتماعی کوششوں سے شکست ہوئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے کراچی کور کا دورہ کیا ہے، جہاں انہیں آپریشنل تیاریوں اور فوج کی جانب سے کیے گئے اہم تربیتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں غیرملکی شہہ پر فساد فی الارض برپا کرنے والوں پر زمین تنگ رہے گی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے اس موقع پر انووسٹا انڈس آئی ٹی پارک کا بھی افتتاح کیا۔ جس کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، خاص طور پر مصنوعی ذہانت کے شعبے میں اکیڈمی اور انڈسٹری کے تعاون کو فروغ دے کر بااختیار بنانا ہے۔
آئی ٹی پارک کی افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا معاشی ترقی کے لیے آئی ٹی کی اہمیت پر زور
وزیراعلیٰ سندھ نے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے اور معاشی ترقی کے لیے آئی ٹی کی اہمیت پر زور دیا۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہاکہ اس طرح کے منصوبوں کا مقصد ملک میں آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کو مزید فروغ دینے کے لیے انتہائی سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔
آرمی چیف نے تاجر برادری سے گفتگو کرتے ہوئے ملک کی اقتصادی ترقی میں کاروباری برادری اور تاجروں کے تعاون کو سراہا۔
شرکا نے مثبت اقتصادی اشاریوں کے حصول کے لیے ایس آئی ایف سی کے کردار کو سراہا، جس کے ذریعے مزید اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جارہا ہے۔
آرمی چیف نے معاشی بحالی کے لیے مدد کرنے پر دوست ممالک کے کردار کو سراہا
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے برادر اور دوست ممالک خصوصاً چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کی معاشی بحالی میں متعدد شعبوں میں مدد کرنے کے قابل تعریف کردار کو سراہا۔
آرمی چیف نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان مختلف شعبوں میں قابل ذکر صلاحیت رکھتا ہے اور سب کو پاکستان کے روشن مستقبل پر غیر متزلزل اعتماد ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان پر لاکھوں عاصم منیر، لاکھوں سیاستدان اور لاکھوں علما بھی قربان ہیں، آرمی چیف
انہوں نے کہاکہ بے پناہ وسائل اور صلاحیت کے پیش نظر پاکستان اقوام عالم میں اپنا مقام حاصل کرے گا۔