گلگت بلتستان سے راولپنڈی آنے والی مسافر بس کو حادثہ، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

اتوار 27 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان سے راولپنڈی آنے  والی مسافر بس گہری کھائی میں گرنے سے 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں، بس میں 34 مسافر سوار تھے۔

یہ بھی پڑھیں:ملتان: زائرین کی بس کو حادثہ، ایک شخص جاں بحق، 13 زخمی

اتوار کو گلگت سے راولپنڈی آنے والی مسافر بس شتیال کے قریب شاہراہ قراقرم پر اچانک حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 3 افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، حادثے میں متعدد مسافر زخمی بھی ہوگئے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق بس میں کل 34 مسافر سوار تھے اور یہ حادثہ اسی مقام پر پیش آیا جہاں کچھ ماہ قبل ایک نجی بس کو بھی حادثہ پیش آیا تھا۔

حادثے کے فوری بعد مقامی افراد اورسیکیورٹی اہلکارجائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ دشوار گزار اور تاریک علاقے کی وجہ سے زخمیوں اور جاں بحق ہونے والے افراد کو نکالنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھیں:لیہ: بس اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم، 3 افراد جاں بحق

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرانجینیئر طاہرشاہ کی ہدایت پرگلگت سے ریسکیو 1122 کی ایمبولینس اورمورچری وین بھی حادثے کے مقام پرروانہ کر دی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبرخان نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے دیامر کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ریسکیو ٹیموں کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر بھیجا جائے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایران سے پاکستان آنے والی زائرین کی بس کو حادثہ، 10 افراد جاں بحق، 30 سے زائد زخمی

انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ جاں بحق افراد کی میتوں کو ان کے آبائی علاقوں تک پہنچانے کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے جائیں۔

ریسکیو ٹیموں اور مقامی افراد نے مل کر زخمیوں کو کھائی سے نکالنے اورطبی امداد فراہم کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ حادثے کی وجوہات تا حال معلوم نہیں ہو سکیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp