وزیراعظم شریف کی اپیل پر ملک کے مختلف شہروں میں نماز استسقا ادا کی گئی ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اپیل پر اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں نمازہ استسقا ادا کی گئی۔
وزارت مذہبی امور و بین المذاھب ہم آہنگی اور اسلامی نظریاتی کونسل نے بھی قوم سے نماز استسقا ادا کرنے کی اپیل کر رکھی تھی، اس سلسلہ میں وزارت مذہبی امور کے زیراہتمام کوہسار بلاک سیکرٹریٹ اسلام آباد کے لان میں نماز استسقا کا ایک اجتماع منعقد ہواجس کی امامت اور خطبہ کے فرائض ڈائریکٹر شعبہ تحقیق و مراجع ڈاکٹر شاہد الرحمن نے انجام دیے۔
یہ بھی پڑھیں: باران رحمت کے لیے محکمہ اوقات پنجاب جمعے کے روز ’نماز استسقا‘ کا اہتمام کرے گا
اس موقع پر وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر، وزارت بحری امور، وزارت قومی صحت، وزارت انسانی حقوق، وزارت بین الصوبائی رابطہ و دیگر وزارتوں کے افسران، اہلکار اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مسنون نماز استسقاکے بعد ڈائریکٹر مذہبی امور ڈاکٹر شاہد الرحمن اور مقتدیوں نے تسبیحات اور توبہ استغفار کے بعد خشک سالی،بیماریوں اور اسموگ کے خاتمے اور باران رحمت کے نزول کے لیے دعائیں مانگیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں نماز استسقا کے اجتماعات مختلف مقامات پر منعقد ہوئے جن میں اللہ کے حضور گڑ گڑا کر موسمی صورتحال سے نجات کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ فیصل مسجد ، ایوان صدر ، وزیراعظم ہائوس سمیت وفاق کے زیر انتظام تقریبا450 سے زائد مساجد اور کھلے مقامات پر نماز استسقاادا کی گئی۔ صوبوں اور وفاق میں عوام الناس کی بڑی تعداد نے نماز استسقامیں شرکت کی اور اللہ کے حضور باران رحمت کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔ لاہور کی جامعہ مسجد چوک دالگراں میں باران رحمت کے لیے نماز استسقا کی ادائیگی کا ایک بڑا اجتماع منعقد کیا گیا.
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے نماز استسقا پڑھائی۔جامعہ مسجد چوک دالگراں میں ہزاروں افراد نے ڈاکٹر راغب نعیمی کی امامت میں نماز استسقا ادا کی۔علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے بارش کے لیے خصوصی دعا کرائی،نماز کی ادائیگی کے بعد اسموگ سے نجات اورماحولیاتی اثرات سے بچائو کے لیے بھی دعا کرائی گئی۔محکمہ اوقاف ومذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام سرگودھا کی مساجد میں بھی نماز استسقا ادا کی گئی اور سب سے بڑا اجتماع مرکزی جامع مسجد اشرفیہ گول چوک سرگودھا میں منعقد ہوا۔ اسموگ کے خاتمے اور بارانِ رحمت کیلئے نمازِ استسقا ادا کی گئی۔ نمازِ استسقا کی امامت مولانا قاری حافظ وقار احمد عثمانی نے کرائی ۔
شدید اسموگ کے باعث بچے ، بڑوں اور بزرگوں اور خواتین میں سانس ، دمہ ، گلے اور دیگر بیماریاں تیزی سے جنم لیں رہی ہیں ، اسموگ نے پنجاب کے متعدد شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے خصوصی دعا مانگی گئی کہ اللہ پاک اسموگ کے خاتمے کے لیے باران رحمت نازل فرمائے تاکہ اسموگ کا خاتمہ اور مہلک بیماروں سے چھٹکارا حاصل ہو، پاکستان کی سلامتی اور غزہ کے مسلمانوں کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اپیل پر ملک بھر کے دوسرے شہروں کی طرح چنیوٹ میں بھی نماز جمعہ کے بعد باران رحمت کے نزول کے لیے نماز استسقا ادا کی گئی ۔ نماز کے بعد رحمت کی بارش کے لیے خصوصی طور پر دعا کی گئی۔نماز استسقا میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
علما کرام نے عوام پر زور دیا کہ وہ استغفار کریں اور اللہ کی رحمت کے حصول کے لیے نیک اعمال کریں۔خطبا نے اجتماعی توبہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ بارش اللہ کی طرف سے ایک نعمت ہے، جسے صرف اس وقت روکا جاتا ہے جب انسان صراط مستقیم سے بھٹک جاتا ہے۔ ہمیں اپنے اعمال کو درست کرنا ہوگا، ماحول کے ساتھ اپنے برتائو کو بہتر بنانا ہوگا اور خلوص دل سے اس کی رحمت طلب کرنی ہوگی۔ نمازیوں نے اللہ کے حضور گڑ گڑا کر دعائیں مانگیں ۔ ملک بھر کی مساجد میں علما نے خشک موسم کو ماحولیاتی غفلت سے جوڑتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے، پانی کے تحفظ اور درخت لگانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسموگ اور خشک سالی، وزیراعظم کی ہدایت پر نماز استسقا کی تیاری،سرکلر جاری
دوسری جانب ملک کے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی ہے، نوشہرہ شہر سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے،پشاور میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، کوہاٹ میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی،کوہاٹ کے مختلف میدانی و پہاڑی علاقوں میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
ضلع خیبر میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی،ضلع خیبر کے مختلف میدانی و پہاڑی علاقوں میں بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا،محکمہ موسمیات کے مطابق رات کو پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا مقامی ٹیکنالوجی سے تجربہ کامیاب، کہاں کہاں مصنوعی بارش ہوئی؟
ادھر کرک کے مختلف علاقوں میں بھی سردی کی پہلی بارش ہوئی،بارش کی وجہ سے موسم کافی سرد ہو گیا،لوگوں نے گرم ملبوسات استعمال کرنا شروع کر دیے،بارش کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بجلی کے فیڈرز ٹرپ کرگئے، لکی مروت، میاںوالی، لیہ، کروڑ لعل عیسن، اٹک اور گردو نواح میں بھی بارش ہوئی ہے۔
مصنوعی بارش کا تجربہ کامیاب
دوسری جانبحکومت پنجاب نے دعویٰ کیا کہ ٹیکنالوجی کے میدان میں پنجاب ایک بار پھر آگے نکل گیا اور مصنوعی بارش کی مقامی ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے تصدیق کردی کہ جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور گوجر خان میں ‘سیڈ کلاوڈنگ’ کے نتیجے میں جہلم اور گوجر خان میں بارش ہوئی ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ دوپہر دو بجے ‘کلاوڈ سیڈنگ’ کی گئی تھی جس سے جہلم اور گوجر خان میں چند گھنٹوں بعد بارش ہوئی اور ‘کلاوڈ سیڈنگ’ کے اثرات لاہورمیں بھی بارش کی صورت برآمد ہونے کا قوی امکان ہے۔