اداکار منیب بٹ نے اہلیہ اداکارہ ایمن خان اور ان کی بہن منال خان کے گھر کا پتا اور موبائل نمبر انٹرنیٹ پر لیک کرنے پر فیروز خان کے خلاف سائبر کرائم میں شکایت درج کرادی۔
منیب نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ انہوں نے ایمن اور منال کی ذاتی معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے باعث فیروز کے خلاف شکایت درج کروائی اور مطالبہ کیا کہ فیروز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
منیب نے لکھا کہ ‘ پہلے قانونی نوٹس کو انسٹاگرام پر شیئر کرکے میری فیملی کی معلومات سوشل میڈیا پر لیک کیں اور پھر اسمارٹ بننے کے لیے پوسٹ ڈیلیٹ کی، میرے دوست جس نے بھی آپ کو ایسا کرنے کا مشورہ دیا اس نے آپ کو ایک سنگین مصیبت میں ڈال دیا، اب نتیجہ بھگتو’۔
اداکار نے لکھا ‘شروعات میں سمجھا کہ شاید یہ کوئی بیوقوفانہ غلطی ہے لیکن 24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود کوئی معافی نا مانگنے پر یقین ہوگیا کہ یہ جان بوجھ کر اٹھایا گیا قدم تھا’۔
منیب بٹ نے فیروز خان کو وکیل تبدیل کرنے کا بھی مشورہ دیا، انہوں نے فیروز کے وکیل کے یوٹیوب چینل کا اسکرین شاٹ شیئر کیا اور لکھا ‘ایڈووکیٹ صاحب اپنے یوٹیوب سبسکرائبرز میں اضافہ کررہے ہیں، یہ کیس اس وقت تک چلتا رہے گا جب تک یہ یوٹیوب کی جانب سے سلور بٹن نہیں حاصل کرلیتے’۔