ملکی ترقی میں محنت کش طبقے کے کردار کو سراہتے ہیں: شہباز شریف کا یوم مئی پر پیغام

پیر 1 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن ہمیں ان محنت کشوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے حقوق کے لیے انتھک جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ یہ دن نا صرف محنت کے تقدس اور وقار کی علامت ہے بلکہ یہ ملک کی معاشی ترقی میں مرکزی حیثیت رکھنے والے مزدوروں اور محنت کشوں کی اہمیت کا اعتراف ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن پوری قوم محنت کش طبقے کو شاندار خراج تحسین پیش کرتی ہے اور ملک کی ترقی میں ان کے کردار اور معاونت کو سراہتی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارا عظیم مذہب اسلام سماجی انصاف، مساوات اور انسانی حقوق کے احترام کے اصولوں پر زور دیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں حکم دیا ہے کہ ہم مزدوروں کے حقوق کو انتہائی اہمیت دیں اور ان کے حقوق کو اپنا بنیادی فریضہ سمجھتے ہوئے ان کی انجام دہی میں کوتاہی نہ برتیں۔

انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں ہمیں محنت کی عظمت اور محنت کش طبقے کے حقوق کے احترام کی بے شمار متاثر کن مثالیں ملتی ہیں۔ اسلام نے عالمی لیبر قوانین کے نفاذ سے بہت پہلے ہی مزدوروں اور محنت کشوں کے حقوق کے حوالے سے رہنما اصول طے کر دیے تھے۔ اسی بنیاد پر ہم سمجھتے ہیں کہ مزدور اور آجر پیداواری عمل میں شراکت دار ہیں اور ان کا تعاون اور دوستانہ تعلق ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ضروری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت محنت کشوں کے کام کرنے اور زندگی گزارنے کے حالات کو بہتر بنانے اور ان کے اور ان کے خاندانوں کے لیے بہتر رہائش، تعلیم کی سہولیات اور صحت کا تحفظ فراہم کر کے ان کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی بلند شرح اور دیگر معاشی چیلنجوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے مزدور کی کم از کم اجرت 17 ہزار 500 روپے ماہانہ سے بڑھا کر25 ہزار روپے ماہانہ کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مزدوروں کے فلاحی اداروں کے لیے خودکار، مربوط نظام تیار کرنے کے حوالے سے کام کر رہی ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور مزدوروں اور کارکنوں کو کم سے کم وقت میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لیبر مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے موجودہ حکومت نے پیشہ ورانہ تربیت اور ہنر کی ترقی کے پروگرام شروع کیے ہیں تاکہ عوام کو ملک کے اندر اور باہر ملازمتوں کی منڈیوں میں ان کا جائز حصہ حاصل کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کے لیے مزدوروں کا کردار اہم ہوتا ہے اور ہماری حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ معاشی ترقی کے فوائد آبادی کے تمام طبقات بالخصوص مزدوروں کے لیے خوشحالی میں تبدیل ہوں۔

شہبز شریف نے کہا کہ آئیے آج کے دن ہم سب انفرادی اور اجتماعی دونوں سطحوں پر محنت کشوں کے حقوق کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کریں تاکہ محنت کش طبقے کی سماجی، معاشی اور سماجی بہبود میں سرمایہ کاری کرکے ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جاسکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp