بلوچستان: گندم اور آٹے کی نقل و حمل میں حائل مشکلات سے متعلق اہم فیصلہ

منگل 2 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ کی زیر صدارت آٹے، گندم کی نقل و حمل اور ترسیل سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ہے۔

محکمہ داخلہ میں ہونے والے اجلاس میں سیکریٹری خوراک، کسٹم، ایف سی اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں گندم اور آٹے کی نقل و حمل اور ترسیل میں حائل مسائل اور مشکلات کا جائزہ لیا گیا جبکہ حکام کی جانب سے اجلاس کو مسائل پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں عوامی مشکلات کے پیش نظر صوبے بھر میں آٹے کی نقل و حمل اور ترسیل پر عائد پابندی اٹھانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

اجلاس میں نصیر آباد ڈویژن کے علاوہ دیگر تمام علاقوں میں گندم کی نقل و حمل اور ترسیل پر عائد اٹھانے کا بھی فیصلہ کیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نصیر آباد ڈویژن سے صر ف صوبائی حکومت کی جانب سے خریدی جانے والی گندم کی ترسیل کی اجازت ہو گی۔

اجلاس میں مقامی سطح پر فروخت کے لیے دیگر صوبوں سے چینی لانے کے طریقہ کار کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ ضلع کا ڈپٹی کمشنر چینی کے ڈیلر کی دستاویزات کے معائنہ اور اطمینان کے بعد چینی لانے کی راہداری جاری کرے گا۔

اس کے علاوہ اجلاس میں چینی کی بیرون ملک اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات کو مزید موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

حکام نے تمام متعلقہ اداروں کو اجلاس میں کیے جانے والے فیصلوں پر فوری عملدرآمد کے آغاز کی ہدایت کی۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ صالح ناصر نے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط کوآرڈی نیشن کے قیام کی ہدایت بھی کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp