پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے خیبرپختونخوا میں مبینہ کرپشن کے خلاف پشاور میں احتجاج کیا ہے، اس دوران کچھ افراد نے ریڈزون میں داخلے کی کوشش کی اور گیٹ کو توڑ دیا، اس دوران شیلنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں پشاور: سرکاری ملازمین پر آنسو گیس شیلنگ و لاٹھی چارج، احتجاجی مظاہرین کا مطالبہ کیا ہے؟
پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے پی ٹی آئی حکومت کی مبینہ کرپشن کے خلاف احتجاج کیا گیا، جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
احتجاج کے دوران کچھ افراد نے ریڈزون میں داخل ہونے کی کوشش کی، جبکہ اس موقع پر پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کرتے ہوئے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ مشتعل احتجاجی مظاہرین نے ریڈزون کا گیٹ توڑ دیا۔
احتجاجی مظاہرین نے اسمبلی چوک میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے لگائے کیمپ کو بھی آگ لگا دی۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کے کارکنوں نے بھی آنسو گیس کے ذریعے شیلنگ کی۔
احتجاجی مظاہرین پر شیلنگ کے دوران پیپلزپارٹی کے رہنما نجم الدین خان کی طبیعت ناساز ہوگئی، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پُرامن جلسے کے دوران کچھ نقاب پوش افراد نے ریڈزون میں داخلے کی کوشش کی، ایس ایس پی پشاور
دوسری جانب ایس ایس پی پشاور نے کہا ہے کہ پُرامن جلسے کے دوران کچھ نقاب پوش افراد نے ریڈزون میں داخلے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہاکہ ریڈزون کی سیکیورٹی کو ہر حال میں یقینی بنانا ہے، نقاب پوش کون تھے، اور کس پارٹی سے تعلق تھا اس حوالے سے ابھی کچھ معلوم نہیں۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی احتجاج: کیا بشریٰ بی بی پشاور سے نکلنے والے قافلے میں شامل ہیں؟
انہوں نے کہاکہ ریڈزون کا گیٹ توڑا گیا ہے، اس حوالے سے انکوائری کی جائےگی، ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔