پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ عمران خان نے حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہماری تحریک ملک گیر ہوگی، اس کا مرکز اسلام آباد نہیں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں 26 نومبر پی ٹی آئی احتجاج: 250 ملزمان کی ضمانت منظور، 150 کی درخواستیں مسترد
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے واضح کیا ہے کہ سڑکوں پر آنے کے سوا ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں، کیوں کہ ہمیں دیوار سے لگایا گیا ہے، میں جیل میں بیٹھ کر ملک بھر میں ہونے والے احتجاج کو لیڈ کروں گا۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ عمران خان نے مجھے احتجاجی تحریک کا پلان بنا کر دینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے تمام ہدایات جیل سے دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ اب میں عمران خان سے آئندہ ہونے والی ملاقات میں احتجاجی تحریک کا پلان پیش کروں گا، میں اس حوالے سے وکلا اور پارٹی قیادت سے مشاورت کروں گا۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ عمران خان تحریک کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے سنجیدہ ہیں، اس بار جو تحریک چلے گی وہ پہلے کبھی نہیں چلی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہاکہ احتجاجی تحریکوں کے دوران رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن ہمیں طریقے آتے ہیں۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ عمران خان نے پارٹی لیڈر شپ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں عدلیہ اور ایگزیکٹو سے کوئی ریلیف نہیں مل رہا، اس لیے احتجاج کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، میں احتجاجی تحریک کو خود لیڈ کروں گا۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی احتجاج کی ناکامی، پارٹی اختلافات سے دوچار، بشریٰ بی بی پر تنقید
واضح رہے کہ اس سے قبل 24 نومبر 2024 کو پی ٹی آئی نے اسلام آباد کی جانب مارچ کیا تھا، اور پھر 26 نومبر کو انتظامیہ نے ایک آپریشن کے ذریعے احتجاجی مظاہرین کو منتشر کردیا تھا، جس کے بعد پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ ان کے متعدد کارکنوں کو قتل کردیا گیا ہے، تاہم حکومت اس سے انکار کرتی ہے۔