پاکستان کی اسرائیلی جارحیت کی مذمت، مشرق وسطیٰ کو جوہری ہتھیاروں سے پاک علاقہ بنانے کا مطالبہ

جمعرات 19 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان ایران پر اسرائیل کی جانب سے کی گئی غیر منصفانہ جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک ہے۔

ترجمان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری جنگ بندی کے لیے اقدامات کرے اور جارح ریاست کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ کو فی الفور جوہری ہتھیاروں سے پاک خطہ قرار دینے کی ضرورت ہے تاکہ مستقل امن یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور امریکی صدر کے درمیان ہونے والی حالیہ ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) تفصیلی اعلامیہ جاری کر چکا ہے، جس میں تمام پہلوؤں کو واضح کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: 18 مارچ کا آپریشن افغان عوام یا فوج کے خلاف نہیں تھا، ترجمان دفتر خارجہ پاکستان

ترجمان نے کہا کہ بھارت کی پاکستان میں دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے ثبوت اب پوری دنیا کے سامنے آ چکے ہیں۔ پاکستان مسلسل عالمی فورمز پر اس معاملے کو اجاگر کرتا رہا ہے۔

ترجمان نے ایران سے متعلق سوال پر واضح کیا کہ ایران پاکستان کا قریبی دوست اور برادر ہمسایہ ملک ہے۔ انہوں نے ایران میں رجیم چینج سے متعلق خبروں کو مفروضہ قرار دیتے ہوئے اس پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

ترجمان کے مطابق ایران کے زاہدان اور مشہد میں قائم پاکستانی قونصلیٹ پاکستانی شہریوں کے انخلا کے عمل میں مسلسل سرگرم ہیں۔ اب تک 3 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی وطن واپسی ممکن بنائی جا چکی ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت بیرون ملک قتل و غارت، مداخلت اور غیر ملکی علاقوں پر قابض ہے، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کے حوالے سے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے ساتھ رابطے میں رہا ہے۔ پاکستان امید کرتا ہے کہ یہ معاملہ سفارتی ذرائع سے حل کیا جائے گا۔

ترجمان نے سوال کے جواب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا مؤقف واضح اور غیر متزلزل ہے۔ پاکستان اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلے کے پرامن حل کا خواہاں ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پاکستان گرو ارجن دیو کے یومِ پیدائش کے موقع پر سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہنے اور تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار تھا، مگر افسوس کہ اس حوالے سے کوئی ویزہ درخواست موصول نہیں ہوئی۔ پاکستان میں سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کو اپنے مذہبی تیوہار منانے کی مکمل آزادی حاصل ہے اور مذہبی تقریبات پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی اسرائیلی جارحیت کی مذمت، مشرق وسطیٰ کو جوہری ہتھیاروں سے پاک علاقہ بنانے کا مطالبہ

ترجمان نے کہا کہ امریکی صدر کا یہ کہنا کہ پاکستان ایران کو بہتر سمجھتا ہے، درست ہے کیونکہ دونوں ممالک کی اقدار، ثقافت، زبان اور روایات میں گہری مماثلت پائی جاتی ہے۔ پاکستان غیر مبہم انداز میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتا ہے، پاکستان ایران اور اسرائیل کے درمیان فوری جنگ بندی کا خواہاں ہے اور اس ضمن میں سفارتی کوششوں کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔ کیونکہ اس کے اثرات پورے خطے پر مرتب ہو سکتے ہیں۔

پاک بھارت جنگ بندی سے متعلق ترجمان نے کہا کہ اس میں امریکا کا کردار مثبت رہا، تاہم بھارتی حکومت کے حالیہ بیانات پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ لداخ میں غیر مقامی افراد کو ڈومیسائل کے لیے اہل قرار دینے سے متعلق بھارتی اقدام کو غیر قانونی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔  یہ اقدام مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش ہے، جسے پاکستان مسترد کرتا ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ اب تک ایران نے سیکیورٹی یا مہاجرین سے متعلق پاکستان سے کسی بھی قسم کی معاونت یا درخواست نہیں کی، نہ ہی ملٹری سپورٹ کی کوئی باضابطہ درخواست موصول ہوئی ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل بدستور جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp