خیبر پختونخوا کی مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے لیڈی ریڈنگ اسپتال کا دورہ کیا اور سانحے میں جاں بحق بچوں کے لواحقین سے ملاقات کرکے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
ثمر ہارون بلور نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا اس سانحے میں متاثرہ خاندانوں کے دکھ اور غم میں برابر کی شریک ہے اور غم کی اس گھڑی میں بچوں کے والدین اور اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
صوبائی مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور کا لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ،زخمی بچوں کو ہر قسم کا فوری اور بہترین علاج معالجہ دینے کی ہدایت۔#Peshawar #KPK pic.twitter.com/1erfkkgpAy
— Ali Hassan (@AliJrnlst) October 15, 2026
انہوں نے کہا کہ اسپتال انتظامیہ اور پولیس اہلکار موقع پر موجود ہیں اور والدین سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ جاں بحق بچوں کی میتیں والدین کی سہولت اور خواہش کے مطابق ترتیب وار ان کے حوالے کی جائیں گی، جبکہ قانونی کارروائی اس انداز میں مکمل کی جا رہی ہے کہ لواحقین کو کم سے کم تکلیف ہو۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ جاں بحق اور زخمی افراد کی تعداد میں کسی بھی تبدیلی سے عوام کو آگاہ کیا جاتا رہے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایمبولینسوں اور مریضوں کے لیے راستے کھلے رکھیں اور اسپتال میں غیر ضروری رش سے گریز کریں۔
یہ بھی پڑھیں:پشاوراسکول حادثہ: گورنرخیبرپختونخوا کی امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت
ثمر ہارون بلور نے مزید کہا کہ سانحے کے ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ حکومت متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد اور معاونت یقینی بنائے گی۔














