فلڈ ریلیف چیریٹی میچ: پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لیجنڈز الیون کو شکست دیدی

ہفتہ 30 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور میں خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے کھیلے گئے نمائشی کرکٹ میچ میں پشاور زلمی نے لیجنڈز الیون کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دی۔

یہ میچ عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم پشاور میں کھیلا گیا، جہاں پشاور زلمی کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 144 رنز بنائے۔ کپتان بابر اعظم نے 41 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، یاسر حمید نے 35 اور عامر برکی نے 24 رنز جوڑے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کی مدد: پشاور زلمی کا ’فلڈ ریلیف نمائشی میچ‘ کا اعلان

لیجنڈز الیون کی بولنگ میں شاہد آفریدی اور عبدالرزاق نے 3،3 کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ محمد حفیظ اور سعید اجمل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں لیجنڈز الیون کی ٹیم 15 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنا سکی۔ انضمام الحق نے 23 گیندوں پر 46 رنز اور اظہر محمود نے 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلیں لیکن ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔

پشاور زلمی کی جانب سے محمد عرفان اور بابر اعظم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سلمان خان اور ذوالفقار بابر کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

یہ بھی پڑھیں: ہائیر پاکستان کا بونیر کے سیلاب زدگان کے لیے نوکریوں کا اعلان

یہ میچ پشاور زلمی، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپورٹس خیبرپختونخوا اور صوبائی حکومت کے تعاون سے منعقد ہوا، اور اس کی آمدنی سیلاب متاثرین کو دی جائے گی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے میچ فیس وصول کرنے سے انکار کرتے ہوئے اپنی شرکت کو فلاحی مقصد کے لیے وقف کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp