پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پرتشدد مظاہروں اور جلاؤ گھیراؤ کے دوران خیبر پختونخوا کی نگراں حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر گندم اور اٹے کی قیمتوں میں 100 فیصد اضافہ کر دیا اور اضافے کا اعلانیہ بھی جاری کردیا۔
محکمہ خوراک خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مارکیٹ میں اٹے کی قیمتوں کو مستحکم کرنے کے لیے فلور ملز کو گندم کی ہنگامی بنیادوں پر فراہمی ضروری ہے جس کے لیے محکمے نے نئی پالیسی مرتب کی ہے۔
نئی پالیسی کے تحت صوبے میں 40 کلو گرام گندم کی قیمت 2 ہزار 300 روپے سے بڑھا کر 4 ہزار 600 روپے کردی گئی ہے۔ نئی قیمتوں سے گندم کی 100 کلو گرام کی بوری 5 ہزار 750 روپے سے بڑھ کر ساڑھے 11 ہزار روپے ہوگئی ہے۔جو کہ 100 فیصد اضافہ بنتا ہے۔
محکمہ خوراک نے گندم کی قیمتوں کے ساتھ اٹے کی قیمتوں میں بھی اضافہ کرکے نیا نرخ مقرر کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اٹے کی ایکس مل قیمت میں 100 فیصد اضافہ کرتے ہوئے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت 1200 روپے سے بڑھا کر 2 ہزار 480 روپے کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں محکمے کے ضلعی حکام کو ابادی کے تناسب سے ملز کوٹے میں 10 فیصد اضافے یا کمی کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔
محکمہ خوراک کے ایک افسر نے نام نہ بتانے کی شرط پر وی نیوز کو بتایا کہ گندم کی قیمتوں میں اضافہ مارکیٹ اور پیداوری اخراجات مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جو ہر سال صوبائی حکومت قیمتیں مقرر کرتی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ نئی قیمتوں کے بعد اٹے کی قیمتوں میں دوگنا اضافہ ہو گا۔