کیمبرج ایگزامینیشن بورڈ نے پہلی بار پاکستانی طلبہ کے لیے امتحانی پرچوں کے اسکرپٹس دیکھنے کا نیا نظام متعارف کرا دیا ہے، جسے شفافیت کو فروغ دینے کی ایک اہم پیشرفت قرار دیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیمرج نتائج پر ردعمل: ’مریم نے دل جیت لیے‘
اس سہولت کے تحت او اور اے لیول کے طلبہ اپنے امتحانی اسکرپٹس آن لائن بالکل مفت دیکھ سکیں گے۔ اس کے بعد طلبہ فیصلہ کرسکیں گے کہ وہ اپنے پرچے کی جانچ پڑتال کے لیے درخواست دینا چاہتے ہیں یا نہیں۔
پاکستان میں کیمبرج ایگزامینیشن بورڈ کی کنٹری منیجر عظمیٰ یوسف نے کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں موجود تمام کیمبرج سے منسلک اسکولوں کو اپنے اندراج شدہ طلبہ کے پرچوں تک رسائی دے دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اے لیول کا پرچہ لیک ہوا، کیمبرج کی تصدیق
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی طالب علم اگر اپنا پرچہ دیکھنا چاہتا ہے تو وہ اپنے اسکول کے ذریعے یہ سہولت حاصل کر سکتا ہے۔ اس کے لیے طلبہ یا اسکولز سے کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ تاہم اگر پرچہ دیکھنے کے بعد طالب علم جانچ پڑتال کی درخواست دینا چاہے تو وہ باقاعدہ طور پر اپلائی کر سکتا ہے۔
عظمیٰ یوسف نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے برعکس ملک کے کسی بھی صوبائی تعلیمی بورڈ کے طلبہ کو میٹرک یا انٹرمیڈیٹ کے پرچے دیکھنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔
یہ بھی پڑھیں: دعائیں رنگ لے آئیں، کیمبرج کے طلبا و طالبات کے لیے اہم خبر
انہوں نے بتایا کہ اس وقت پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ کیمبرج او اور اے لیول طلبہ رکھنے والا ملک ہے، جہاں اندراجات کی تعداد 1 لاکھ 30 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ دوسرے نمبر پر امریکا ہے، جس کے بعد چین، بھارت اور دبئی آتے ہیں۔ فی الحال پاکستان میں تقریباً 800 اسکول کیمبرج سے منسلک ہیں۔












