اسپین کے شہر ویلنشیا کے چڑیا گھر نے اعلان کیا ہے کہ ادارے میں پہلی بار پیدا ہونے والا سفید گینڈا نر ہے اور اپنی ماں کی بہترین دیکھ بھال میں صحت مند ہے۔
چڑیا گھر کے مطابق یہ گینڈا 4 نومبر کو پیدا ہوا اور اس کی ماں بخوبی صحت یاب ہو رہی ہے، چڑیا گھر میں پیدا ہونے والے اس گینڈے کا تعلق نایاب نسل سے قرار دیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں: دنیا کے آخری شمالی سفید گینڈے نایجن اور فاتُو کی کہانی
بیان میں کہا گیا کہ ماں مکمل طور پر صحت یاب ہے، اور شرارتی بچہ اپنی دلکش چالوں سے دل موہ لینے والے مناظر پیش کر رہا ہے۔
عملے نے ماں اور بچے کے مابین قدرتی تعلق اور بحالی کے عمل کو متاثر نہ کرنے کے لیے غیر مداخلتی نگرانی کے پروٹوکول پر عمل شروع کردیا ہے تاکہ انسانی مداخلت کم سے کم رہے۔
چڑیا گھر کے مطابق ماں اور بچہ زیادہ تر وقت اندرونی حصے میں گزارتے ہیں، تاہم بچے کی صحت مند نشوونما اور فطری سرگرمی کے لیے انہیں وقفے وقفے سے بڑے بیرونی احاطے میں بھی لے جایا جاتا ہے۔
چڑیا گھر میں موجود نر اور مادہ دیگر گینڈے بھی نومولود سے مل چکے ہیں، چڑیا گھر نے ان کی ملاقاتوں کو نہایت مثبت قرار دیتے ہوئے بتایا کہ وہ تجسس اور دلچسپی کے ساتھ بچے کے قریب آتے ہیں، جو قدرتی طور پر گروہی ہم آہنگی کی علامت ہے۔
مزید پڑھیں: فلوریڈا میں نایاب سفید نسل کے گینڈے کی پیدائش
یہ پیدائش یورپی تحفظاتی پروگرام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے، کیونکہ جنوبی سفید گینڈے کو بین الاقوامی یونین برائے تحفظِ فطرت نے خطرے سے دوچار جانوروں کی ریڈ لسٹ میں شامل کر رکھا ہے۔














