اسلام آباد میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روہنگیا مسلمانوں کی قانونی حیثیت کا برسوں پرانا مسئلہ آخرکار حل ہوگیا ہے۔ دونوں ممالک نے اس پیشرفت کو دوطرفہ تعاون کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
اس سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی، جس میں پاک سعودی تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:اقتصادی تعاون کے لیے پاکستان کے سعودی عرب سے مذاکرات جاری ہیں، وزیر خزانہ
ملاقات کے دوران سعودی سفیر نے اسلام آباد میں دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
فریقین نے اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ سعودی عرب میں مقیم برما کے روہنگیا مسلمانوں کی قانونی حیثیت کا مسئلہ بالآخر حل کرلیا گیا ہے۔
سعودی سفیر نے اس معاملے کے حل میں پاکستان کی مثبت کوششوں کو سراہتے ہوئے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب اور امریکا کے مابین اسٹریٹجک ڈیفینس سمیت متعدد اہم معاہدوں پر دستخط
ذرائع کے مطابق اس اہم پیشرفت کو باضابطہ شکل دینے کے لیے اگلے ہفتے سعودی عرب میں معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کی وزارتِ داخلہ کے درمیان تعاون بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر بھی بات ہوئی۔
سعودی سفیر نواف المالکی نے کہا کہ انہیں پاکستانی عوام کے ساتھ اپنے ملک کے گہرے تعلقات پر فخر ہے اور مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہوگا۔














