سابق جنوبی افریقی کپتان فاف ڈو پلیسی نے آئندہ ایڈیشن میں پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے لیے انڈین پریمیئر لیگ سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا ہے۔ فاف ڈوپلیسی نے یہ فیصلہ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کیا جس میں انہوں نے آئی پی ایل نیلامی میں نام شامل نہ کرنے کا بتایا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فرنچائز رائٹس، کراچی کنگز سمیت 4 ٹیموں کے معاہدوں کی تجدید، ملتان سلطانز کا مستقبل غیر واضح
فاف ڈو پلیسی کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل میں 14 سالہ سفر ان کے لیے یادگار رہا اور اس دوران ساتھی کھلاڑیوں، کوچز اور ٹیم اسٹاف کی معاونت پر وہ شکر گزار ہیں، تاہم اب وہ ایک نئے چیلنج کی جانب بڑھنا چاہتے ہیں۔
ان کے مطابق پی ایس ایل میں کھیلنا ان کے کیریئر کا نیا اور دلچسپ مرحلہ ہوگا جہاں انہیں نئی توانائی اور بہترین ٹیلنٹ کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملے گا۔
View this post on Instagram
سابق کپتان نے پاکستان کی مہمان نوازی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی ایس ایل کے تجربے اور اس کے چیلنجز کے لیے پرجوش ہیں۔
ادھر پی ایس ایل میں اس سال توسیع کی جارہی ہے اور 2 نئی فرنچائزز شامل ہوں گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق نئی ٹیموں کی نیلامی 6 جنوری کو ہوگی۔ نئی فرنچائزز کے لیے زیر غور شہروں میں فیصل آباد، راولپنڈی، حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد اور گلگت شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل میں نئی ٹیموں کا فیصلہ کون اور کیسے کرے گا، پی سی بی نے واضح کردیا
مزید یہ کہ لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے فرنچائز معاہدے مزید 10 سال کے لیے تجدید کر دیے ہیں، جبکہ ملتان سلطانز کے علی ترین نے مالی خسارے کے باعث معاہدہ نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔














