وزیراعظم شہباز شریف بدھ کو عظمت شہدا کانفرنس میں شرکت کے دوران قومی ہیروز کے ورثا سے ملاقات کے موقع پر فرط جذبات سے آبدیدہ ہوگئے۔
شہید کی جو موت ہے' وہ قوم کی حیات ہے.
#عظمتِ_شہدا_کنونشن pic.twitter.com/gok3vrK9XQ
— Badar Shahbaz 🇵🇰🇵🇸 (@BSWarraich) May 24, 2023
تقریب میں انہوں نے وطن عزیز کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے شہیدوں کے ورثا سے بات چیت کی۔ اس موقع پر خصوصاً شہدا کے عمررسیدہ والدین اور چھوٹے بچوں کو دیکھ کر وزیراعظم اپنے آنسوؤں پر قابو نہ رکھ سکے۔
اس جذباتی و متاثر کن تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف نے اراکین کابینہ، پارلیمنٹیرین اور گور نر حضرات کے ہمراہ شرکت کی۔ جب وزیراعظم شہدا کے ورثا سے ملاقات کررہے تھے تو اس موقع پر ملک کے چیف ایگزیکٹیو کے سامنے شہدا کے ورثا خصوصاً بزرگ اور کم عمر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ پائے اور ان کی آنکھوں سے آنسو رواں ہوگئے جس پر شہباز شریف بھی شدت جذبات سے مغلوب دکھائی دیے۔
وزیراعظم نے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکنے والے ورثا کو دلاسا دیتے ہوئے باور کروایا کہ وہ اور پوری قوم ان کے دل کے گوشوں کی قربانیوں پر نہ صرف شہدا بلکہ ورثا کے بھی ممنون احسان ہیں۔ وزیراعظم نے ورثا کو اپنے ہاتھ سے پانی بھی پیش کیا۔
#عظمتِ_شہدا_کنونشن میں وزیراعظم شہباز شریف شہدا کے وارثین کے پاس گئے اور سب سے ملاقات کی۔۔ pic.twitter.com/jG6HdLgnUk
— Rashid Nasrullah (@RashidNasrulah) May 24, 2023
اسلام آباد میں منعقدہ عظمت شہدا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ کے عظیم سپوتوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ شہدا کسی ایک مسلک یا جماعت کے نہیں بلکہ پورے ملک کے عوام ان کا احترام کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف شہدا کی ویڈیوز دیکھ کر آبدیدہ ہو گئے۔ #عظمتِ_شہدا_کنونشن pic.twitter.com/tfwMKLtqLm
— PMLN (@pmln_org) May 24, 2023
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چاہے ملک کے اندرونی مسائل ہوں یا سرحدوں کی حفاظت کا معاملہ آج تک افواج پاکستان اور پولیس سمیت دیگر سیکیورٹی ایجنسیوں نے بھرپور کردار ادا کیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے موقع پر 9 مئی کو ملک بھر میں ہونے والے پرتشدد احتجاج اور حساس تنصیبات پر حملوں سمیت شہدا کی نشانیوں کی بے حرمتی کی جانب اشارہ کرتے ہوئیے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ریڈ لائن کراس کی گئی اور چشم فلک نے ایسے دلخراش مناظر کبھی نہیں دیکھے کہ وطن کے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی ہو۔
سانحہ 9 مئی کو ہمیشہ سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا، اسپیکر قومی اسبملی
ملک بھر میں 25 مئی کو منائے جانے والے یوم تکریم کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے اور قوم پاک افواج کے ان عظیم جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کا سینہ سپر ہو کر مقابلہ کیا۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ سانحہ 9 مئی کو تاریخ میں ہمیشہ سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس سانحہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے اور ایسے دشمن عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا۔
دریں اثنا قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی جمعرات 25 مئی کو یوم تکریم شہدا کے سلسلے میں شہدا کے مزارات پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادر چڑاھیں گے۔
راجہ پرویز اشرف اس سلسلے میں کیپٹن راجہ محمد سرور شہید کے مزار سنگھوری گاؤں اور سوار محمد حسین شہید کے مزار گاؤں ماندرہ گوجر خان میں حاضری دیں گے۔