پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان میں برزل پاس پر برف ہٹانے کے دوران پاک فوج کے آفیسر اور سپاہی سمیت 3 افراد شہید ہوگئے۔
مزید پڑھیں: ناران میں برفانی تودہ گرنے سے 20 ہوٹل متاثر، امدادی سرگرمیوں میں دشواری
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 2 اور 3 جنوری کی درمیانی شب برزل پاس کھولنے کے لیے برف ہٹانے کی ایک کارروائی جاری تھی کہ اس دوران تودہ گرنے سے کیپٹن اصمد اور مشین آپریٹر سمیت 4 افراد پھنس گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے کے بعد ریسکیو آپریشن کے دوران چاروں افراد کو برف سے نکالا گیا لیکن کیپٹن اصمد، سپاہی رضوان اور مشین آپریٹر عیسیٰ جام شہادت نوش کرگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان افراد نے انتہائی سخت موسمی حالات میں ایک مشکل آپریشن کی قیادت کرکے اپنی افواج کی نقل و حرکت کو ممکن بنانے میں اپنی جانوں کی قربانی پیش کی۔
مزید پڑھیں: ملک کے شمالی علاقوں میں برفباری سے نظام زندگی مفلوج
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کی قربانی اور فرض شناسی اس بات کی دلیل ہے کہ پاک فوج کے تمام اہلکار وطن کی حفاظت کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں اور ملک کی خاطر جان دینے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔














