رابی پیرزادہ پھر شادی کے لیے تیار،  پہلی شادی کے بارے میں اہم انکشافات

اتوار 4 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق اداکارہ اور گلوکارہ رابی پیرزادہ نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ شادی شدہ رہ چکی ہیں اور بعد ازاں انہوں نے خلع لے لی تھی۔

رابی پیرزادہ نے حال ہی میں معروف اداکار احمد علی بٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنی زندگی، ذاتی تجربات اور سماجی خدمات پر کھل کر گفتگو کی۔

دورانِ انٹرویو جب ان سے شادی کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے پہلی بار اس حوالے سے تفصیل بتائی۔

یہ بھی پڑھیے رابی پیرزادہ سے رابطہ کرنے والے مرد ان سے کیا مطالبہ کرتے ہیں؟ سابق اداکارہ نے بتا دیا

رابی پیرزادہ کا کہنا تھا ’میری شادی ہوئی تھی اور پھر میں نے خلع لے لی۔ یہ بات میں پہلی مرتبہ بتا رہی ہوں، اس سے پہلے کبھی اس پر بات نہیں کی۔ شادی شدہ زندگی میں جو مسائل پیش آئے، ان کے بعد میں نے خلع لینے کا فیصلہ کیا۔‘

دوبارہ شادی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں سابق اداکارہ نے کہا کہ وہ دوبارہ شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں رابی پیرزادہ نے لمبے، گھنے بالوں کے لیے جادوئی نسخہ بتا دیا

انٹرویو کے دوران میزبان نے جب ان سے سوال کیا کہ زندگی کا ایسا کون سا سمجھوتہ تھا جو نہیں کرنا چاہیے تھا، تو رابی پیرزادہ نے اعتراف کیا ’مجھے والدین کے دباؤ میں آ کر شادی نہیں کرنی چاہیے تھی۔ میری شادی ’وٹا سٹا‘ تھی، اور یہ فیصلہ میرے لیے درست ثابت نہیں ہوا۔‘

رابی پیرزادہ کے اس انکشاف کو سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل ہو رہی ہے، جہاں صارفین ان کی صاف گوئی کو سراہ رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp