وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس پر امریکی فوجی کارروائی کے بعد جہاں بھاری جانی نقصان کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، وہیں امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس آپریشن کے دوران امریکی فوج کے متعدد اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ واقعے نے خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وینزویلا تیل کی کمائی سے صرف امریکی مصنوعات خریدے گا، ٹرمپ کا اعلان
میڈیا رپورٹس کے مطابق وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس پر گزشتہ ہفتے ہونے والی امریکی فوجی کارروائی کے دوران امریکی فوج کے 7 اہلکار زخمی ہو گئے۔ امریکی میڈیا اداروں، جن میں ایسوسی ایٹڈ پریس اور فاکس نیوز شامل ہیں، نے پینٹاگون کے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ زخمی ہونے والے اہلکاروں کو گولیوں اور شیل کے ٹکڑوں سے زخم آئے۔
رپورٹس کے مطابق ان میں سے 5 امریکی فوجی صحتیاب ہو کر دوبارہ اپنی ڈیوٹی پر واپس آ چکے ہیں، جبکہ 2 اہلکار تاحال زیرِ علاج ہیں۔ پینٹاگون ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی انٹیلیجنس تاحال وینزویلا میں ہونے والے جانی نقصان سے متعلق معلومات اکٹھی کر رہی ہے۔
🇺🇸 US interventions in Latin America – from World War II to today
For decades, the United States has carried out military interventions and major CIA operations across the region. Venezuela now joins a list that includes Guatemala, Chile, Nicaragua, Panama—and more. pic.twitter.com/eXzIGS8bz5
— Sputnik (@SputnikInt) January 5, 2026
مقامی حکام کے مطابق امریکی کمانڈوز نے ہفتے کے روز کاراکاس میں کارروائی کے دوران وینزویلا کے صدر نیکولس مڈورو اور ان کی اہلیہ کو حراست میں لے لیا، جبکہ اس دوران درجنوں افراد ہلاک ہوئے۔ وینزویلا کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس کارروائی میں کم از کم 24 سیکیورٹی اہلکار مارے گئے، جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 56 ہو گئی ہے۔
وینزویلا کے وزیرِ دفاع جنرل ولادی میر پادرینو نے ایک ٹیلی وژن بیان میں کہا کہ امریکی افواج نے صدر مڈورو کی سیکیورٹی ٹیم، فوجیوں اور عام شہریوں کو ’بے دردی سے‘ قتل کیا۔
یہ بھی پڑھیں:روس، چین، ایران اور کیوبا کے ساتھ اقتصادی تعلقات ختم کرو، امریکا کا وینزویلا سے سخت مطالبہ
دوسری جانب امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے ایک سینیئر وینزویلا عہدیدار کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی کارروائی میں سیکیورٹی اہلکاروں اور عام شہریوں سمیت کم از کم 80 افراد ہلاک ہوئے۔
ادھر کیوبا کی حکومت نے بھی اعلان کیا ہے کہ امریکی حملے کے دوران وینزویلا کا دفاع کرتے ہوئے 32 کیوبائی شہری ہلاک ہوئے، جو وینزویلا کی درخواست پر وہاں تعینات تھے۔

یاد رہے کہ وینزویلا میں امریکی آپریشن کے نتیجے میں صدر نیکولس مدورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلورس کو بعد ازاں نیویارک منتقل کر دیا گیا، جہاں پیر کے روز انہیں منشیات اسمگلنگ کی سازش کے الزامات پر عدالت میں پیش کیا گیا۔ دونوں نے الزامات سے انکار کیا ہے۔
روس، چین اور دیگر برکس اور گلوبل ساؤتھ ممالک نے امریکی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔













