این ایف سی ایوارڈ میں آبادی کا معیار اصلاح طلب ہے، احسن اقبال کی نشاندہی

پیر 12 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے نیشنل فائنانس کمیشن یعنی این ایف سی ایوارڈ میں ایک بنیادی خامی کی نشاندہی کی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ وسائل کی تقسیم میں آبادی کو مرکزی معیار بنانا آبادی میں کمی کی حوصلہ شکنی کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 2025-26 کی پہلی سہ ماہی، ملکی معیشت کے لیے حوصلہ افزا کیوں؟ احسن قبال نے بتادیا

وزیر منصوبہ بندی کے مطابق، اس بگاڑ پر سنجیدہ بحث اور اصلاح کی ضرورت ہے، کیونکہ زیادہ آبادی والے صوبوں کو زیادہ وسائل ملتے ہیں۔

پیر کو جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ 2023 میں ہونے والی پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری سے کئی اہم حقائق سامنے آئے ہیں۔

وزیر منصوبہ بندی کے مطابق بعض حقائق حوصلہ افزا جبکہ بعض تشویشناک ہیں۔

احسن اقبال کے مطابق حالیہ مردم شماری کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کی آبادی میں اضافے کی شرح گزشتہ مردم شماری میں 2.4 فیصد سے بڑھ کر 2.55 فیصد ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے تیزی سے بڑھتی آبادی والے ممالک میں شامل ہو چکا ہے، جو باعثِ تشویش ہے، کیونکہ اس سطح کی شرحِ نمو عموماً افریقہ کے کم ترقی یافتہ ممالک میں دیکھی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں: ہم نے ماضی میں ڈالر بھی بڑے کمائے لیکن ملک کی اپنی صلاحیت نہیں بڑھائی، احسن اقبال

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کا براہِ راست تعلق آبادی میں اضافے سے ہے، اور تیز رفتار آبادی میں اضافہ وسائل پر دباؤ ڈالنے کے ساتھ ساتھ انسانی ترقی کو بھی متاثر کرتا ہے۔

’اس سے ایسی نسل پیدا ہونے کا خدشہ ہے جو تعلیم اور مہارتوں کے لحاظ سے مسائل کا شکار ہو۔‘

انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑا قومی چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے حکومت آبادی کی منصوبہ بندی کے حوالے سے قومی سطح پر کوششیں کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں: ورلڈ بینک نے پاکستان کے ذمہ قرضوں میں اضافے کی پیش گوئی کردی

احسن اقبال نے واضح کیا کہ آبادی صوبائی معاملہ ہے، اس لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر نے این ایف سی ایوارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت وسائل کا 82 فیصد حصہ آبادی کی بنیاد پر تقسیم کیا جاتا ہے۔

ان کے بقول اگر ہر صوبے کو اس کی آبادی کے مطابق حصہ ملے تو پھر کسی صوبے کے پاس آبادی کم کرنے کی کیا ترغیب باقی رہتی ہے۔

مزید پڑھیں: ملکی معیشت کو بلندیوں پر لے جانے کا عزم، وزیراعظم نے ’اڑان پاکستان‘ پروگرام کا افتتاح کردیا

ان کا مؤقف تھا کہ اس صورتحال میں صوبے زیادہ وسائل کے حصول کے لیے آبادی بڑھانے میں دلچسپی رکھتے ہیں، جو این ایف سی ایوارڈ کے نظام میں ایک واضح بگاڑ ہے جس پر بحث ہونی چاہیے۔

احسن اقبال نے خبردار کیا کہ پاکستان کی آبادی 24 کروڑ تک پہنچ چکی ہے اور اگر یہی رفتار برقرار رہی تو 2050 تک آبادی تقریباً 40 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے، جو ملک کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہو گا۔

ادھر این ایف سی کمیشن کے 4 دسمبر کو ہونے والے پہلے اجلاس میں آئندہ این ایف سی ایوارڈ کے مختلف پہلوؤں پر غور کے لیے متعدد ورکنگ گروپس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: کیا اڑان پاکستان منصوبہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے نجات دلوا سکتا ہے؟

کمیشن کا اگلا اجلاس عارضی طور پر 8 یا 15 جنوری کو بلانے کا منصوبہ تھا، تاہم ذرائع کے مطابق ورکنگ گروپس کی پیش رفت اب تک محدود رہی ہے، جس کے باعث طے شدہ مدت میں سفارشات کو حتمی شکل دینا مشکل دکھائی دیتا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹس مکمل نہ ہونے کے باعث این ایف سی کمیشن کا آئندہ اجلاس مؤخر کیے جانے کا خدشہ ہے۔

مزید پڑھیں: وفاقی وزیر احسن اقبال نے بیوروکریٹک رکاوٹوں کا گلہ کیوں کیا؟

این ایف سی کا بنیادی مقصد وفاق اور صوبوں کے درمیان مالی وسائل کی تقسیم پر اتفاقِ رائے پیدا کرنا ہے، جو ایک تکنیکی طور پر پیچیدہ عمل ہے اور اس میں تفصیلی تجزیے اور مختلف فریقین کے درمیان مذاکرات شامل ہوتے ہیں۔

کسی بھی تاخیر سے آئندہ این ایف سی ایوارڈ پر مشاورت کا عمل مزید طول پکڑ سکتا ہے، جو وفاقی اور صوبائی مالی منصوبہ بندی کے لیے نہایت اہم ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

‘انڈس اے آئی ویک’ پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب کی طرف ایک قدم

دینی اور دنیوی تعلیم کی روشنی پھیلانے والے جامعہ اشرفیہ کے نابینا مدرس و مدیر انگریزی رسالہ

محمود خان اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر نامزدگی پر سابق پی ٹی آئی رہنما کیا کہتے ہیں؟

پاک سعودی دفاعی معاہدے میں تُرکیہ کی شمولیت کا کتنا اِمکان ہے؟

یہ اظہارِ رائے نہیں، یہ سائبر وار ہے

ویڈیو

‘انڈس اے آئی ویک’ پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب کی طرف ایک قدم

دینی اور دنیوی تعلیم کی روشنی پھیلانے والے جامعہ اشرفیہ کے نابینا مدرس و مدیر انگریزی رسالہ

بسنت منانے کی خواہش اوورسیز پاکستانیوں کو بھی لاہور کھینچ لائی

کالم / تجزیہ

یہ اظہارِ رائے نہیں، یہ سائبر وار ہے

دو مہکتے واقعات جنہوں نے بہت کچھ سکھایا

’شام ڈھل جائے تو محسنؔ تم بھی گھر جایا کرو‘