میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گل پلازہ میں ریسکیو آپریشن کے دوران شہید ہونے والے فائر فائٹر فرقان کے اہلِ خانہ کے لیے ایک کروڑ روپے کی مالی معاونت کا اعلان کیا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی آتشزدگی: جاں بحق افراد کی تعداد 26 تک جاپہنچی، واقعہ میں تخریب کاری کا امکان مسترد
میئر کراچی شہید فرقان کے گھر پہنچے اور اہلِ خانہ سے تعزیت کی، جہاں انہوں نے فائر فائٹر کی بہادری، دلیری اور فرض شناسی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرقان کی قربانی قومی خدمت کی ایک نئی مثال ہے اور اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اعلان کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی شہید فرقان کی بیوہ کو ملازمت فراہم کرے گی جبکہ ان کے بچے کے تمام تعلیمی اخراجات بھی ادارہ برداشت کرے گا۔
انہوں نے کہاکہ ناظم آباد فائر اسٹیشن کو شہید فرقان کے نام سے منسوب کیا جائے گا، اور ریٹائرمنٹ سے متعلق تمام مالی فوائد اور تنخواہیں باقاعدگی سے ان کی بیوہ کو فراہم کی جائیں گی۔
میئر کراچی نے زور دیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے بہادر فائر فائٹرز کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر مشکل وقت میں ان کا بھرپور ساتھ دیتی رہے گی۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر کراچی سید محمد افضل زیدی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں: گل پلازہ سانحہ: وزیراعلیٰ سندھ کا جاں بحق افراد کے لیے فی کس ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان
واضح رہے کہ کراچی کے گل پلازہ میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے دوران فائر فائٹر فرقان جان کی بازی ہار گیا تھا۔













