لاہور پولیس کے ایک اہلکار کی جانب سے شہری سے رشوت وصول کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں اہلکار رشوت لیتے وقت بسم اللہ پڑھتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردِعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔
لاہور:یہ صاحب بسمہ اللہ پڑھ کررشوت لےرہےہیں،ذرائع کےمطابق یہ ویڈیومبینہ طورپررنگ روڈکی ہے۔ pic.twitter.com/cPBq06X2f3
— Ali Imran Abbasi (@aliimranabbasi) January 19, 2026
وائرل ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کئی صارفین نے سوال اٹھایا کہ شہری کو آخر کس مجبوری کے تحت رشوت دینا پڑی۔ بعض صارفین نے طنزیہ انداز میں کہا کہ یہ دن کی پہلی رشوت ہے جس کا آغاز بسم اللہ سے کیا جا رہا ہے، جبکہ ایک صارف نے لکھا کہ افسوسناک پہلو یہ ہے کہ اہلکار کو اس بات کا بھی خوف نہیں کہ رشوت لیتے وقت اس کی ویڈیو بنائی جا رہی ہے۔
صبح کی پہلی رشوت ہوگی جو بسم اللّٰہ پڑھ کر رہے ہیں۔
— SIALVI💓 (@Sialvi13155841) January 20, 2026
سوشل میڈیا صارف رفیق جان کا کہنا ہے کہ جب تک ملک میں آئین اور قانون کی مکمل عملداری قائم نہیں ہوگی، اس طرح کی پولیس کی جانب سے مبینہ لوٹ مار جاری رہے گی۔
جب تک ملک میں مکمل ائین قانون نہیں اتا اس طرخ پولیس ڈکیتی جاری رہیگی اس طرخ کے پولیس والوں کو پھانسی پر لٹکانا چاہیے
— Rafiq jan (@jan_rafiq7927) January 19, 2026
دوسری جانب لاہور پولیس نے وائرل ویڈیو پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق مذکورہ اہلکار کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز نے اہلکار کو ملازمت سے برطرف کرنے اور اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ محکمے میں بدعنوانی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔
پولیس اہلکار کی رشوت لینے کی ویڈیو کا معاملہ ,
ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس اہلکار کو فوری طور پر گرفتار کروا دیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے مذکورہ اہلکار کو نوکری سے فوری طور پر برخاست کرنے اور اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کا بھی حکم دے دیا۔ #Lahore https://t.co/uS3jWCzgNc— Lahore Police Official (@Lahorepoliceops) January 19, 2026
لاہور پوکیس کے مطابق رشوت لینے والا پولیس اہلکار عبدالرحمن تھانہ راوی روڈ میں تعینات تھا اور اس نے رنگ روڈ پر ایک شہری سے رشوت وصول کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ ایک اہلکار کا غلط فعل پوری پولیس فورس کی بدنامی کا باعث بنتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن اور اختیارات سے تجاوز پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔ اختیارات سے تجاوز کرنے والوں کی لاہور پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔













