بھارتی کرکٹر یوزویندر چاہل اور آر جے مہوش نے انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو ان فالو کر کے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ یہ پیش رفت ان دونوں کے درمیان گردش کرنے والی طویل عرصے سے جاری ڈیٹنگ افواہوں کے بعد سامنے آئی ہے۔
اگرچہ یوزویندر چاہل یا آر جے مہوش کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم ان کے سوشل میڈیا پروفائلز سے واضح ہوتا ہے کہ دونوں اب ایک دوسرے کو فالو نہیں کر رہے۔ اس حوالے سے اسکرین شاٹس بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں جس کے بعد ان کے تعلقات کی نوعیت پر ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
View this post on Instagram
اس اقدام کے بعد مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، بالخصوص ریڈٹ اور انسٹاگرام پر صارفین کی جانب سے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان تعلق محض دوستی تک محدود تھا جبکہ دیگر افراد اس ان فالو کو کسی ممکنہ اختلاف یا تعلق کے خاتمے سے جوڑ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یوزویندر چاہل اس وقت خبروں میں آئے تھے جب ان کی کوریوگرافر اور رئیلٹی شو اسٹار دھناشری ورما سے طلاق کی خبریں منظرِ عام پر آئیں۔ طلاق کو حتمی شکل دیے جانے کے بعد چہل کو آر جے مہوش کے ہمراہ مختلف مواقع پر دیکھا گیا، جن میں آئی پی ایل میچز کے دوران ان کی موجودگی اور چند نجی ملاقاتیں شامل تھیں۔ اس کے باعث دونوں کے درمیان قریبی تعلقات کی افواہیں زور پکڑ گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’ایک دوسرے کے کیمرا مین لگ رہے‘، یوزویندر چاہل اور آر جے مہوش کی لندن میں سیر کی تصاویر وائرل
تاہم، یوزویندر چہل نے گزشتہ برس ایک پوڈکاسٹ میں ان افواہوں کی واضح طور پر تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے اور آر جے مہوش کے درمیان کوئی رومانوی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی اظہار کیا تھا کہ ان افواہوں کے باعث مہوش کو شدید تنقید اور ذاتی حملوں کا سامنا کرنا پڑا، جو ان کے لیے تکلیف دہ تھا۔
یاد رہے کہ یوزویندر چاہل اور دھناشری ورما نے 2020 میں شادی کی تھی، تاہم 2024 میں دونوں کے درمیان علیحدگی ہو گئی، جس کے بعد گزشتہ سال ان کی طلاق کو قانونی طور پر حتمی شکل دے دی گئی۔














