پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا نے چیئرمین عمران خان کی صحت کے حوالے سے جاری تشویشناک صورتحال کے خلاف کل صوبہ بھر میں احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی میرا گھر، اختلافات اور شکوے سب چلتا رہے گا، جنید اکبر نے واضح کردیا
صوبائی صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ کل نماز جمعہ کے بعد صوبے کے تمام پریس کلبز کے سامنے احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی زندگی اور صحت کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے اور جیل میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں ہو رہی ہیں، جس کے خلاف آواز بلند کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔
جنید اکبر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے قوم کی خاطر قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کی صحت اور سلامتی کے لیے بھرپور آواز اٹھائیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے بیرسٹر سلمان صفدر کی 3 گھنٹے تک ملاقات، صحت سے متعلق حقائق سامنے رکھ دیے
انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی احتجاجی مظاہرہ کل بروز جمعہ بتاریخ 13 فروری بوقت 3 بجے دوپہر پشاور پریس کلب کے باہر منعقد کیا جائے گا، جبکہ اسی وقت صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی پریس کلبز کے سامنے احتجاج ہوگا۔
پی ٹی آئی قیادت کے مطابق یہ احتجاج پرامن ہوگا اور اس کا مقصد عمران خان کی صحت کے تحفظ اور ان کے بنیادی انسانی حقوق کی بحالی کے لیے عوامی دباؤ بڑھانا ہے۔














