پاکستان تحریک انصاف نے دنیا بھر کے ممتاز اور سابق بین الاقوامی کرکٹرز کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ مبینہ ناانصافیوں اور ان کی بگڑتی ہوئی صحت پر آواز بلند کی۔
پارٹی کے مرکزی شعبہ اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پارٹی خصوصاً ان نامور کرکٹرز کے اقدام کو سراہتی ہے جنہوں نے انسانی ہمدردی اور انصاف کی بنیاد پر عمران خان کی حمایت کی۔
نامور کرکٹرز کی طرف سے خراجِ تحسین
پی ٹی آئی نے جن عالمی شخصیات کے اقدام کو سراہا ان میں مائیکل آتھرٹن، ایلن بارڈر، مائیکل بریرلی ، گریگ چیپل، ایان چیپل، بلندرا کلارک، سنیل گواسکر، ڈیوڈ گاور، کم ہگس، ناصر حسین، کلائیو للائیڈ، کپل دیو،سٹیو واہ اور جان رائٹ شامل ہیں۔
بیان میں امید ظاہر کی گئی کہ یہ کرکٹرز انصاف کے حصول تک اپنی حمایت جاری رکھیں گے۔
انسانی حقوق اور طبی سہولتوں کا مطالبہ
پی ٹی آئی نے عالمی کرکٹ برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ ایک عظیم سابق چیمپئن آل راؤنڈر کے ساتھ مبینہ سیاسی انتقام اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کریں۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ عمران خان کو بنیادی انسانی حقوق اور ضروری طبی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے، خصوصاً ان کی بصارت سے متعلق تشویش کے باوجود انہیں اپنی پسند کے ماہر ڈاکٹروں سے علاج کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
پارٹی نے امید ظاہر کی کہ دنیا بھر کے موجودہ اور سابق کرکٹرز اس معاملے پر یکجہتی کا اظہار کریں گے تاکہ عمران خان کو انصاف، وقار اور فوری طبی نگہداشت فراہم کی جا سکے۔














