امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مختلف تقاریر میں وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف کا حوالہ دے کر مئی 2025 میں پاک بھارت کشیدگی میں اپنی مبینہ سفارتی کوششوں کے نتائج کے بارے میں متضاد اعدادوشمار پیش کیے ہیں۔
آج اسٹیٹ آف دی یونین سے امریکی تاریخ کا طویل ترین خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے ان سے کہا کہ مئی 2025 کی پاک بھارت جنگ کے دوران انہوں نے 35 ملین افراد کی جانیں بچائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے اپنے دور اقتدار میں 8 جنگیں رکوانے میں کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستانی فیلڈ مارشل بہت اہم شخصیت ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کی جنرل عاصم منیر کی پھر تعریف
اس سے چند روز قبل غزہ کے بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں بھی ٹرمپ نے ایک ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی وزیرِاعظم نے ان کے چیف آف اسٹاف کے سامنے اعتراف کیا کہ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان جنگ رکوا کر 25 ملین جانیں بچائیں۔
تاہم جنوری میں سدرن بلیوارڈ کا نام تبدیل کرکے ڈونلڈ جے ٹرمپ بلیوارڈ رکھنے کی تقریب سے خطاب میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ ‘پاکستانی وزیرِاعظم نے بتایا کہ میں نے کم از کم 10 ملین جانیں بچائیں’۔
اس سے مزید پیچھے چلیں تو 16 اکتوبر 2025 کو وائٹ ہاؤس میں عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے حالیہ ملاقات میں جذباتی انداز میں انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کے بقول ‘پاکستان کے وزیرِاعظم آئے اور انہوں نے ایک گروہ کے سامنے کہا کہ اس شخص نے 3 ملین، 5 ملین، شاید ان گنت جانیں بچائیں’۔
یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے خوشگوار ماحول میں ملاقات
اکتوبر ہی میں مصر کے شہر شرم الشیخ میں شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس کے موقع پر، جہاں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پایا، ٹرمپ نے شہباز شریف کو خصوصی خطاب کی دعوت دی۔ وزیرِاعظم نے وہاں کہا کہ ٹرمپ نے جنوبی ایشیا میں امن قائم کیا اور مشرقِ وسطیٰ میں بھی لاکھوں جانیں بچائیں۔
یوں ٹرمپ یہ تعداد 5 ملین سے شروع کرکے 35 ملین یعنی ساڑھے 3 کروڑ تک لے گئے ہیں۔
کشیدگی کے دوران گرائے گئے جہازوں کی تعداد
دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ کے دوران مار گرائے گئے طیاروں کی تعداد کے حوالے سے بھی مختلف اعداد بیان کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان نے بھارت کے 7 طیارے مار گرائے تو ایٹمی تصادم ٹل گیا، ٹرمپ
جولائی 2025 میں انہوں نے کہا کہ اس مسلح تنازع میں 5 طیارے مار گرائے گئے۔ ستمبر اور اکتوبر 2025 میں جب اس کشیدگی اور اس میں اپنے کردار کا ذکر کیا تو یہ تعداد بڑھا کر 7 کردی۔ نومبر 2025 میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ 8 طیارے مار گرائے گئے۔
پھر رواں سال کے شروع میں انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں 10 طیارے مار گرائے گئے، اور غزہ بورڈ آف پیس سے اپنی تقریر میں انہوں نے جہازوں کی تعداد مزید بڑھا کر 11 طیارے بتائی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے انڈیا کے ساتھ مسلح تصادم رکوانے میں ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں نوبیل انعام برائے امن کے لیے بھی نامزد کرچکا ہے۔














