امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے ردعمل میں ایران کی جانب سے خلیجی ممالک میں مختلف تنصیبات پر جوابی کارروائیاں کی گئی ہیں، جس کے باعث بین الاقوامی فضائی ٹریفک متاثر ہو گئی ہے۔ زیادہ تر خلیجی ممالک کی فضائی حدود بند ہیں اور کئی ایئر لائنز نے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان نے ایران کی حمایت میں تحمل اور پرامن رویہ اپنانے کی اپیل کر دی
متاثرہ ایئرپورٹس میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی شامل ہے۔ قطر ایئر ویز، ایمیریٹس، سعودی ایئرلائنز اور اتحاد ایئرویز سمیت دیگر کمپنیوں نے مسافروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایئرپورٹ جانے سے پہلے پرواز کی تازہ ترین صورتحال ضرور چیک کریں۔
مسافروں کے لیے جاری اہم اقدامات:
متعلقہ ایئر لائن کی ویب سائٹ پر جا کر Manage Booking سیکشن میں اپنا بکنگ ریفرنس درج کرکے فلائٹ سٹیٹس چیک کریں۔
روانگی کے ایئرپورٹ کی ویب سائٹ پر جا کر اپنی پرواز کا نمبر تلاش کریں تاکہ تازہ ترین اپ ڈیٹس حاصل ہوں۔
ٹریول ایجنٹ سے رابطہ کرکے پرواز کی موجودہ صورتحال معلوم کریں، کیونکہ ایجنٹ کو ایئر لائن کی تازہ ترین معلومات ملتی ہیں۔
خیال رہے کہ اگر ویب سائٹ پر فلائٹ کی تبدیلی یا تاخیر ظاہر ہو تو Accept Changes کے پیغام پر فوری کلک نہ کریں، کیونکہ اس سے ممکنہ معاوضہ یا سہولیات کے حق سے محروم ہونا پڑ سکتا ہے۔
اگر ایئر لائن یا ایئرپورٹ کی ویب سائٹ دستیاب نہ ہو تو آزاد ویب سائٹس جیسے فلائٹ ریڈار کے ذریعے بھی فلائٹ سٹیٹس معلوم کیا جا سکتا ہے۔
پاکستان سے 184 پروازیں منسوخ، مسافروں کو وقت سے پہلے ایئرپورٹ پہنچنے کی ہدایت
مشرق وسطیٰ کی 10 ممالک کی فضائی حدود مسلسل بند رہنے کے باعث پاکستان سے 184 بین الاقوامی پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ایران، عراق، اسرائیل، کویت، بحرین، قطر اور شام کی فضائی حدود مکمل طور پر بند ہیں، جبکہ امارات، لبنان اور اردن کی فضائی حدود بھی کل سے پروازوں کے لیے مسلسل بند ہیں۔
کراچی سے دبئی، شارجہ، دوحہ، نجف، استنبول، ابوظہبی، مسقط، بحرین اور تہران کی 42 پروازیں منسوخ ہیں۔ لاہور سے ابوظہبی، دمام، تہران، دبئی، دوحہ، مسقط، راس الخیمہ، شارجہ اور بحرین کی 40 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
اسلام آباد سے دبئی، دوحہ، دمام، مسقط، اویت، ابوظہبی، ریاض، بحرین اور شارجہ کی 36 پروازیں منسوخ ہیں۔ کراچی ائیرپورٹ اور اس کے اطراف کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وقت سے پہلے ایئرپورٹ پہنچیں۔
پشاور سے دوحہ، دبئی، ابوظہبی، شارجہ اور جدہ کی 18 پروازیں منسوخ ہیں۔ ملتان سے دوحہ، مسقط، ابوظہبی، شارجہ، دبئی اور جدہ کی 22 پروازیں منسوخ۔ فیصل آباد سے دبئی، شارجہ اور ابوظہبی کی 12 پروازیں منسوخ۔
مزید پڑھیں: ایران: آیت اللہ علی خامنہ ای کے ممکنہ جانشینوں کے نام زیر غور
سیالکوٹ سے ابوظہبی، جدہ، دبئی، شارجہ، دمام اور مسقط کی 12 پروازیں منسوخ۔ کوئٹہ سے دبئی کی دونوں پروازیں منسوخ ہیں۔ دبئی اور ابوظہبی سمیت تمام اماراتی ائرپورٹس آج بھی بند ہیں۔
پی اے اے کے ترجمان نے تصدیق کی کہ پاکستانی فضائی حدود پروازوں کے لیے مکمل طور پر کھلی اور محفوظ ہے۔ سعودی عرب کی فضائی حدود کھلی ہیں اور وہاں کے ایئرپورٹس کا فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق ہے۔ ترکیہ میں بھی فلائٹ آپریشن بحال ہو گیا ہے، جبکہ ترکش ائیر کی پروازیں اب دور دراز کے روٹس سے چل رہی ہیں۔














