پاکستان اسٹاک مارکیٹ شدید مندی کے باعث عارضی طور پر کیوں معطل کی گئی؟

پیر 2 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رواں ماہ کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی شدید مندی ریکارڈ کی گئی جب مارکیٹ میں آغاز سے ہی شدید فروخت کا دباؤ دیکھا گیا جس کی وجہ سے ٹریڈنگ کو عارضی طور پر معطل بھی کرنا پڑا۔

اسٹاک مارکیٹ کھلتے ہی بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 15,000 پوائنٹس سے زائد کی غیر معمولی کمی دیکھی گئی، پیر کے روز بارہ بجے کے لگ بھگ 100 انڈیکس 12048 پوائنٹس کی کمی کے بعد 156013 پوائنٹس کی سطح پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خطے میں جنگی صورتحال، پاکستان اسٹاک ایکسچینج بدترین مندی سے دوچار

مارکیٹ میں اس شدید اتار چڑھاؤ اور ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر صبح 9:27 بجے ’مارکیٹ ہالٹ‘ نافذ کر دیا گیا تاکہ ہیجانی کیفیت پر قابو پایا جا سکے۔

تجزیہ کار سلمان نقوی کے مطابق آج کے کریش کی بڑی وجوہات عالمی اور علاقائی سیاسی صورتحال ہے، امریکا و اسرائیل کے مشترکہ فضائی حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر کی شہادت جیسی خبروں نے عالمی منڈیوں سمیت پاکستان میں بھی تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔

’جنگ کے خطرات کے باعث برینٹ کروڈ کی قیمتوں میں 6 سے 10 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کا براہِ راست اثر پاکستان کی معیشت اور اسٹاک مارکیٹ پر پڑا ہے۔‘

سلمان نقوی کا کہنا ہے کہ غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے شیئرز بیچ کر سرمایہ سونے جیسے محفوظ اثاثوں میں منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاک افغان کشیدگی کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، انڈیکس 3 ہزار سے زائد پوائنٹس گرگیا

اسٹاک مارکیٹ میں آج خاص طور پر بینکنگ اور ٹیکنالوجی میں تقریباً تمام بڑے سیکٹرز میں مندی دیکھی گئی، خام تیل کی قیمتیں بڑھنے کے باوجود غیر یقینی سیاسی حالات کی وجہ سے اس سیکٹر میں بھی گراوٹ رہی۔

اسٹاک ایکسچینج ماہر شہریار بٹ کا کہنا ہے کہ جب تک مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال واضح نہیں ہوتی، مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ جاری رہ سکتا ہے۔ ’سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں جلد بازی میں فیصلے کرنے کے بجائے مارکیٹ کے استحکام کا انتظار کریں۔‘

مزید پڑھیں: پاک افغان جنگ کے تناظر میں سرمایہ کار کیا سوچتے ہیں؟

شہریار بٹ کا مزید کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل-امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے عالمی سطح پر ’رسک آف‘ کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔

سرمایہ کار اب ابھرتی ہوئی مارکیٹوں سے پیسہ نکال کر محفوظ اثاثوں جیسے سونا اور امریکی بانڈز میں لگا رہے ہیں۔

’پاکستان جیسی مارکیٹ میں جہاں والیوم پہلے ہی حساس ہوتے ہیں، وہاں یہ خبریں پینک سیلنگ کا باعث بنیں۔‘

مزید پڑھیں: اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی، انڈیکس میں 1,500 سے زائد پوائنٹس کی کمی

سینیئر صحافی تنویر ملک ’مارکیٹ ہالٹ‘ کی منطق کے بارے میں بتاتے ہیں کہ صبح 9:27 بجے جو ٹریڈنگ روکی گئی، وہ پاکستان اسٹاک ایکسچیج کے خودکار حفاظتی نظام کا حصہ ہے۔

’جب انڈیکس میں 5 فیصد یا اس سے زائد کی غیر معمولی کمی رونما ہوتی ہے، تو مارکیٹ کو 45 سے 60 منٹ کے لیے معطل کیا جاتا ہے، اس تعطل کا مقصد سرمایہ کاروں کو سوچنے کا وقت دینا ہے تاکہ وہ جذباتی ہو کر اپنے تمام شیئرز کوڑیوں کے دام نہ بیچ دیں۔‘

مزید پڑھیں: صنعتی ترقی کے بغیر مضبوط معیشت کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، خواجہ محمد آصف

تنویر ملک کے مطابق  کے ایس ای 100 انڈیکس نے 162,800 کی اپنی مضبوط سپورٹ توڑ دی ہے، جس کے بعد اب اگلی نفسیاتی حد 150,000 ہے۔

’اگر مارکیٹ اس لیول سے نیچے بند ہوتی ہے تو مزید مندی کا خدشہ ہے۔ لیکن مارکیٹ میں ری باؤنڈ کی گنجائش ہمیشہ موجود رہتی ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

کیا مصنوعی ذہانت انسان کے قابو سے باہر ہو رہی ہے؟ اوپن اے آئی کے ماڈل نے ٹیسٹ کے دوران حدود توڑ دیں

مودی کا مؤقف مسترد، کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج میں تیزی لانے کا اعلان، حکومت نے پھر مہلت مانگ لی

کراچی: لی مارکیٹ میں کھدائی کے دوران 2 مجسمے برآمد، ماہرین نے تحقیق شروع کر دی

خیبر پختونخوا میں 27 جولائی تک بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

سوشل میڈیا نے تخلیقی صلاحیتوں کو محدود کر دیا، لوگ صرف ٹرینڈز کے پیچھے بھاگ رہے ہیں، جاوید اختر

ویڈیو

پاکستان کا دوٹوک انتباہ، حوثی باغیوں کی خیر نہیں، ایران کا بڑا اعلان، امریکا کی چال بھی ناکام

مودی نے طلبا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے، بھارتی ایجنسی کس طرح پاکستانی صحافیوں کو استعمال کرنے کی کوشش کررہی ہے؟

قدیم انجینیئرنگ سے دنیا حیران، 2 ہزار سال پرانا چینی تالا جسے کھولنے کے لیے محض چابی نہیں بڑا دماغ بھی چاہیے

کالم / تجزیہ

قائداعظم کے بارے میں سازشی تھیوریز نہ گھڑیں

مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کا ابھرتا ہوا کردار

شفاف انتخابات کا فریب