صدر مملکت نے سینٹ پیٹرک ڈے کے موقع پر آئرلینڈ کی صدر کیتھرین کونولی اور آئرلینڈ کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ یہ دن آئرلینڈ کے لوگوں اور دنیا بھر میں آئرش کمیونٹیز کے لیے گہری اہمیت رکھتا ہے اور یہ تاریخ، عقیدے اور روایات کو منانے کے ساتھ امن، درگزر اور سخاوت کی اقدار کو برقرار رکھنے کا وقت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امن کا عالمی دن: صدر مملکت اور وزیراعظم نے اپنے پیغامات میں کیا کہا؟
صدر مملکت نے کہا کہ دنیا بھر میں لوگ اس دن کی خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں اور آئرش ثقافت اور ورثے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ دن موسیقی، خوشیوں اور آئرش روایات کی گرمجوشی کے ساتھ منایا جاتا ہے، لیکن ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ دنیا کے دیگر حصوں میں لاکھوں خاندان جنگ کی وجہ سے موت، تباہی اور بربادی کا سامنا کر رہے ہیں۔
صدر مملکت نے سینٹ پیٹرک کی زندگی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ قید و بند اور مشکلات کے بعد انتقام کے بجائے معافی اور امید کا پیغام لے کر واپس آئے، اور یہ ہمیں سکھاتا ہے کہ انسانیت کا اصل امتحان یہ نہیں کہ ہم کتنی جانفشانی سے لڑتے ہیں بلکہ یہ ہے کہ ہم کتنی ہمت کے ساتھ امن کے حصول کی کوشش کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: صدر اور وزیراعظم پاکستان کا عالمی یومِ یکجہتیِ فلسطین پر مشترکہ اظہارِ حمایت
صدر مملکت نے دعا کی کہ یہ دن ہمیں ہمدردی، مکالمے، سفارت کاری اور ہر انسانی جان کے وقار کے لیے اپنی وابستگی کی تجدید کرنے کی ترغیب دے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور آئرلینڈ کثیرالجہتی تعلقات اور امن کے لیے پرعزم ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات باہمی احترام، امن اور خوشحالی کی مشترکہ اقدار پر استوار ہیں۔ صدر مملکت نے یقین ظاہر کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستی بڑھتی رہے گی اور سینٹ پیٹرک ڈے کے موقع پر آئرلینڈ کی صدر اور عوام کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔














