ایپل نے 5 سال سے زائد عرصے بعد اپنے پریمیم اوور ایئر ہیڈفونز ایئرپوڈز میکس کی دوسری جنریشن متعارف کرا دی ہے، جس کی قیمت 549 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ نیا ماڈل 2020 میں متعارف کرائے گئے پہلے ورژن کے بعد پہلی بڑی اپڈیٹ ہے، جس میں جدید فیچرز اور بہتر نوائز کینسلیشن شامل کی گئی ہے تاکہ پریمیم ہیڈفونز مارکیٹ میں مقابلہ مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
نئے ایئرپوڈز میکس میں ایپل کا تیار کردہ ایچ ٹو چِپ استعمال کیا گیا ہے، جو جدید ایئرپوڈز ڈیوائسز کو بہتر کارکردگی فراہم کرتا ہے۔ یہ ہیڈفونز 25 مارچ سے 30 سے زائد ممالک میں آرڈر کے لیے دستیاب ہوں گے جبکہ اگلے ماہ کے آغاز میں ان کی فروخت شروع ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے: ایپل کا میک مِنی کی پیداوار ایشیا سے امریکا منتقل کرنے کا فیصلہ
اپڈیٹس میں بہتر ایکٹو نوائز کینسلیشن، جدید مائیکروفون سسٹم اور نئے فیچرز شامل ہیں جن میں ایڈاپٹو آڈیو، کنورسیشن اویئرنیس اور لائیو ٹرانسلیشن قابلِ ذکر ہیں۔
لائیو ٹرانسلیشن فیچر، جو پہلے ایئرپوڈز پرو 3 میں متعارف کرایا گیا تھا، صارفین کو مختلف زبانوں میں براہ راست گفتگو کا ترجمہ کرنے کی سہولت دیتا ہے، جس کے لیے ایپل کا مصنوعی ذہانت کا پلیٹ فارم ایپل انٹیلیجنس استعمال کیا جاتا ہے۔
کمپنی کے مطابق ایئرپوڈز میکس 2 میں یو ایس بی سی کے ذریعے کنیکٹ ہونے پر ہائی ریزولوشن لاس لیس آڈیو سپورٹ بھی فراہم کی گئی ہے، جو خاص طور پر میوزک کریئیٹرز اور پروفیشنل صارفین کے لیے مفید ثابت ہوگی۔














