چئیر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے شیخ زید اسپتال رحیم یار خان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے گزشتہ روز ہونے والے حادثے میں زخمی خواتین کی عیادت کی۔
اس موقع پر ایم پی اے سردار حبیب الرحمان، اسپتال کے ایم ایس اور بی آئی ایس پی کے افسران بھی موجود تھے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے زخمی خواتین کی خیریت دریافت کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متاثرین کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہاکہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت وظائف کی رقوم کی تقسیم پارٹنر بینکوں کے ذریعے کی جاتی ہے، تاہم اس واقعے کے تناظر میں متعلقہ بینک کی غفلت پر نوٹس جاری کرتے ہوئے بھاری جرمانہ بھی عائد کردیا گیا ہے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والی خواتین کے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو فی کس 3 لاکھ روپے فراہم کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ زخمی خواتین کا علاج بالکل مفت کیا جائے گا اور متاثرہ خاندانوں کے بچوں کے تعلیمی وظائف بھی جاری رہیں گے تاکہ ان کی تعلیم متاثر نہ ہو۔
بعد ازاں سینیٹر روبینہ خالد افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والی بی آئی ایس پی کی 4 مستحق خواتین انور مائی (چک 123)، پروین بی بی (چک 123)، شہناز خاتون (چک 125) اور علیمہ خاتون (چک 114) کے گھر بھی گئیں۔

انہوں نے مرحوم خواتین کے لیے دعائے مغفرت کی جبکہ اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے کہاکہ بی آئی ایس پی اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔














