پاکستان میں سعودی فنڈنگ کے تحت کن اہم منصوبوں پر کام ہو رہا ہے؟

منگل 24 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات حالیہ برسوں میں مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک توانائی، معدنیات، صنعت اور بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے مذاکرات اور معاہدوں کے عمل کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ اس تعاون کے تحت اربوں ڈالر کی ممکنہ سرمایہ کاری پر بات چیت جاری ہے جس کا مقصد پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانا اور صنعتی ترقی کو تیز کرنا ہے۔

ماہرین کے مطابق پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری نہ صرف اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ کر سکتی ہے بلکہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مختلف شعبوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مستقبل میں مزید وسعت دینے پر زور دیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: سعودی وفد اور پاکستان ریجنل اکنامک فورم کے درمیان اہم ملاقات، زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی غور

گوادر آئل ریفائنری اور آئل سٹی منصوبہ:

یہ منصوبہ پاکستان میں سعودی عرب کی ممکنہ سرمایہ کاری کا سب سے بڑا منصوبہ سمجھا جاتا ہے۔ اس میں سعودی کمپنی سعودی آرامکو کی سرمایہ کاری متوقع ہے اور اسے بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس منصوبے کی مجموعی لاگت قریباً 10 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے۔ اس کا مقصد خام تیل کو مقامی سطح پر صاف کر کے پیٹرولیم مصنوعات تیار کرنا اور انہیں پاکستان کے اندر استعمال کے ساتھ ساتھ خطے کی منڈیوں تک پہنچانا ہے۔

تازہ صورتحال کے مطابق منصوبہ ابھی منصوبہ بندی اور مطالعے کے مرحلے میں ہے۔ زمین کی تخصیص اور دیگر انتظامی امور پر کام جاری ہے۔ اس ریفائنری کی متوقع صلاحیت 3 لاکھ سے 5 لاکھ بیرل روزانہ تک ہو سکتی ہے، جو اسے پاکستان کی بڑی ریفائنریوں میں شامل کر دے گی۔

آئل سٹی کے تصور کے تحت صرف ریفائنری ہی نہیں بلکہ تیل ذخیرہ کرنے کی بڑی سہولیات اور کیمیائی صنعت کے لیے بنیادی ڈھانچہ بھی قائم کیا جائے گا۔

اگر یہ منصوبہ مکمل ہوتا ہے تو گوادر کو خطے میں توانائی کے ایک اہم مرکز کے طور پر ترقی دینے میں مدد مل سکتی ہے۔

ریکوڈک تانبہ اور سونا کان کنی منصوبہ:

بلوچستان کے ضلع چاغی میں واقع ریکوڈک دنیا کے بڑے معدنی ذخائر میں شمار ہوتا ہے۔ مختلف اندازوں کے مطابق یہاں قریباً 5.9 ارب ٹن معدنیات موجود ہیں جن میں تانبہ اور سونا شامل ہیں، جبکہ سونے کے ذخائر کا تخمینہ قریباً 41.5 ملین اونس لگایا گیا ہے۔ اس منصوبے کی ترقی پاکستان کے معدنی شعبے کے لیے انتہائی اہم سمجھی جاتی ہے۔

سعودی عرب کی معدنی کمپنی منارا اینڈ منرلز نے اس منصوبے میں 10 سے 20 فیصد تک حصص خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی، جس کی مالیت قریباً 500 ملین سے ایک ارب ڈالر تک ہو سکتی ہے۔

2025 کے دوران اس حوالے سے مذاکرات ہوئے اور قریباً 15 فیصد حصص کی خریداری پر بات چیت سامنے آئی۔ تاہم تازہ صورتحال کے مطابق حتمی معاہدہ ابھی طے نہیں ہوا اور مذاکرات مختلف مراحل میں جاری ہیں۔ منصوبے کے پہلے مرحلے کی لاگت قریباً 5.5 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے اور اندازہ ہے کہ یہاں معدنی پیداوار 2028 یا 2029 میں شروع ہو سکتی ہے۔

توانائی اور کیمیائی صنعت کے شعبے میں سرمایہ کاری:

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی اور صنعتی تعاون کے کئی منصوبوں پر بات چیت جاری ہے۔ ان میں ریفائننگ، کیمیائی صنعت اور معدنی وسائل کی ترقی شامل ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے مختلف سطحوں پر مذاکرات اور معاہدے کیے جا چکے ہیں۔

حالیہ پیش رفت کے مطابق 2026 کے آغاز میں دونوں ممالک نے توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

پاکستان نے سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کی توسیع میں شرکت کی دعوت بھی دی ہے۔ اس منصوبے کی ممکنہ لاگت 4 سے 5 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے اور اس کا مقصد ریفائنری کی پیداواری صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرنا ہے۔ اگر یہ سرمایہ کاری ہوتی ہے تو اس سے مقامی صنعت مضبوط ہو سکتی ہے اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

پاکستان کے لیے تیل کی فراہمی اور توانائی تعاون:

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی تعاون کا ایک اہم پہلو تیل کی فراہمی بھی ہے۔ اس سلسلے میں سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ کے تحت پاکستان کو مؤخر ادائیگی پر تیل خریدنے کی سہولت فراہم کی جاتی رہی ہے، جس سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم ہوتا ہے۔

حالیہ اطلاعات کے مطابق 2025 اور 2026 کے دوران اس سہولت کے تحت تقریباً ایک ارب ڈالر مالیت کی آئل فنانسنگ جاری رکھی گئی ہے۔ پاکستان کو پہلے بھی 1.2 ارب ڈالر تک مؤخر ادائیگی کی سہولت دی گئی تھی جسے مزید ایک سال کے لیے بڑھایا گیا۔

پاکستان نے سعودی عرب سے درخواست کی ہے کہ اس سہولت کو بڑھا کر 5 ارب ڈالر تک کیا جائے اور سعودی ڈپازٹس کو 10 سال کی طویل مدتی سہولت میں تبدیل کیا جائے۔

یہ تعاون پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے اور معاشی دباؤ کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

موٹرویز اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر منصوبے:

پاکستان نے سعودی سرمایہ کاروں کو سڑکوں اور ٹرانسپورٹ کے بڑے منصوبوں میں بھی سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ ان میں اہم منصوبے موٹرویز ہیں جن میں M6 موٹروے (سکھر سے حیدرآباد)، M10 موٹروے (حیدرآباد سے کراچی پورٹ) اور M13 موٹروے (کھاریاں سے راولپنڈی) شامل ہیں۔

یہ منصوبے پاکستان کے ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو بہتر بنانے اور بندرگاہوں تک رسائی کو تیز کرنے کے لیے اہم سمجھے جاتے ہیں۔ بہتر سڑکیں تجارت، صنعت اور سیاحت کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

صحت، ادویات اور طبی صنعت کے منصوبے:

پاکستان نے سعودی سرمایہ کاروں کو ادویات اور طبی صنعت کے منصوبوں میں بھی سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔ ان میں ادویات کے بنیادی اجزا کی تیاری اور انجکشن کی دواؤں کی پیداوار کے منصوبے شامل ہیں، جن کی متوقع سرمایہ کاری قریباً 500 ملین ڈالر تک ہو سکتی ہے۔

ان منصوبوں کا مقصد پاکستان میں دواسازی کی صنعت کو مضبوط بنانا اور درآمدی ادویات پر انحصار کم کرنا ہے، اگر یہ منصوبے مکمل ہوتے ہیں تو ملک میں ادویات کی پیداوار اور برآمدات دونوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

خلاصہ یہ ہے کہ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری توانائی، معدنیات، ریفائننگ، اسٹیل، انفراسٹرکچر اور صحت جیسے کئی شعبوں میں پھیل رہی ہے۔ کچھ منصوبے ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں جبکہ کچھ پر مذاکرات جاری ہیں، لیکن مجموعی طور پر دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دی جا رہی ہے اور اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پر بات ہو رہی ہے۔

اسٹیل مل اور آئرن انڈسٹری منصوبہ:

پاکستان میں فولاد کی صنعت کو مضبوط بنانے کے لیے ایک مربوط اسٹیل مل قائم کرنے کی تجویز بھی سعودی سرمایہ کاروں کو دی گئی ہے۔ اس منصوبے کی لاگت قریباً 1.8 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔ اس کا مقصد لوہے کی کان کنی، اس کی پراسیسنگ اور اسٹیل کی تیاری کو ایک ہی صنعتی نظام میں شامل کرنا ہے۔

اس منصوبے سے پاکستان کے تعمیراتی اور صنعتی شعبے کو سستا اور مقامی اسٹیل مل سکے گا۔ اس کے علاوہ بڑے صنعتی منصوبوں، انفراسٹرکچر اور ہاؤسنگ منصوبوں کے لیے درکار فولاد بھی ملک کے اندر تیار کیا جا سکے گا۔

نیفتھا کریکر اور پیٹروکیمیکل کمپلیکس منصوبہ:

پاکستان میں پیٹروکیمیکل صنعت کو فروغ دینے کے لیے ایک بڑا نیفتھا کریکر کمپلیکس قائم کرنے کی تجویز بھی سعودی سرمایہ کاروں کے سامنے رکھی گئی ہے۔ اس منصوبے کی ممکنہ لاگت قریباً 5 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے۔ اس کمپلیکس کے ذریعے ایسے بنیادی کیمیائی اجزا تیار کیے جائیں گے جو پلاسٹک، صنعتی مصنوعات اور دیگر کیمیائی صنعتوں میں استعمال ہوتے ہیں۔

پاکستان اس وقت ان میں سے زیادہ تر مصنوعات درآمد کرتا ہے، جس سے زرمبادلہ پر دباؤ پڑتا ہے۔ اگر یہ منصوبہ مکمل ہوتا ہے تو مقامی صنعت کو خام مال مقامی سطح پر مل سکے گا اور صنعتی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔

پاکستان ریفائنری کی توسیع اور اپ گریڈ منصوبہ:

پاکستان میں موجود ریفائنریوں کو جدید بنانے کے لیے بھی سعودی سرمایہ کاری کی بات چیت ہورہی ہے، اس سلسلے میں پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کی توسیع اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ اپ گریڈ کا منصوبہ پیش کیا گیا ہے۔

اس منصوبے کی ممکنہ لاگت قریباً 2.1 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے، اس کا مقصد موجودہ ریفائنری کو جدید بنانا اور اس کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانا ہے تاکہ زیادہ مقدار میں ایندھن اور دیگر مصنوعات مقامی سطح پر تیار کی جا سکیں۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال

یہ منصوبہ اس لیے اہم سمجھا جاتا ہے کیونکہ پاکستان میں کئی ریفائنریاں پرانی ٹیکنالوجی پر چل رہی ہیں۔ جدید اپ گریڈ کے بعد نہ صرف پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ صاف ایندھن کی پیداوار بھی ممکن ہو سکے گی، جس سے درآمدی پیٹرولیم مصنوعات پر انحصار کم ہو سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

امت مسلمہ کے اتحاد کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے، طاہر اشرفی

پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں، وزیراعظم کی ہدایت

کے پی ٹی اور رومانیہ کی بندرگاہ قسطنطہ کے درمیان تاریخی مفاہمتی یادداشت پر دستخط

ہتک عزت مقدمہ: علی ظفر کی سیشن عدالت میں کامیابی، میشا شفیع کا لاہور ہائیکورٹ جانے کا فیصلہ

ایران معاہدے پر راضی نہ ہوا تو جنگ مزید شدت سے جاری رکھی جائے گی، امریکی وزیر دفاع کی دھمکی

ویڈیو

گلگت بلتستان کے گاؤں سے وطن سے محبت اور آزادی کی قدر کا پیغام

پاکستان میں مہنگے فیول نے کیب ڈرائیورز اور مسافروں کو بھی مشکل میں ڈال دیا

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار بیجنگ پہنچ گئے، ایران پر بات کریں گے: چین

کالم / تجزیہ

پاکستان کا فیصلہ کیا ہوگا؟

ہم بہت خوش نصیب ہیں، ہم بہت بدنصیب ہیں

ایک حادثہ جس نے میڈیا کی بلوغت کا ثبوت دیا