ارجنٹائن کے عالمی کپ فاتح لیونل میسی نے بدھ کے روز 900واں کیریئر گول کرکے کرِسٹیانو رونالڈو کے بعد یہ سنگ میل عبور کرنے والے دوسرے فٹ بالر بن گئے۔ یہ گول انٹر میامی اور نیش ویل ایس سی کے درمیان کونکاکاف چیمپیئنز کپ میں 1-1 کے ڈرا میں ان کے بائیں پاؤں کے شاندار شاٹ سے آیا۔
مزید پڑھیں: ٹرمپ کے بیان نے میسی اور رونالڈو کی تاریخی رقابت کو دوبارہ اجاگر کردیا
میسی نے 2005 میں 17 سال کی عمر میں بارسلونا کے لیے اپنا پہلا سینئر گول کیا تھا، اور 21 سال بعد یہ اہم سنگ میل حاصل کیا۔ انٹر میامی کے مینجر جاویر ماشیرانو نے میسی کے ریکارڈ کو دیوانہ وار قرار دیا اور کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ میں نے ان کے زیادہ تر گولز قریب سے دیکھے ہیں، یہ واقعی ایک اعزاز ہے۔
38 سالہ میسی نے اپنے کلب اور قومی ٹیم کے لیے 1,142 میچز میں یہ کارنامہ انجام دیا، جو رونالڈو کے 1,236 میچز سے قریباً 100 کم ہیں۔ رونالڈو اب 965 گول کر چکے ہیں اور 1,000 گول کے ہدف کو حاصل کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ریٹائرمنٹ کے بعد لیونل میسی کیا کرنا پسند کریں گے؟ فٹبالر نے خود بتادیا
میسی کے بیشتر گول بارسلونا کے دوران ہوئے، جہاں انہوں نے 672 گول کیے، جبکہ پیرس سینٹ جرمین میں 32، انٹر میامی میں 81 اور ارجنٹائن کے لیے 115 گول کیے۔ ارجنٹائن کے ساتھ انہوں نے 2022 میں عالمی کپ بھی جیتا۔
میسی کے 175 گول ناک آؤٹ میچز میں آئے، جن میں 35 فائنلز شامل ہیں۔ یورپ کی چیمپئنز لیگ میں ان کے 129 گول رونالڈو کے 140 گول کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔














