وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عیدالفطر کے دوران ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق عیدالفطر کے موقع پر ٹریفک حادثات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 63 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
مزید پڑھیں: دنیا میں روزانہ کتنے افراد ٹریفک حادثات میں جان گنوا بیٹھتے ہیں؟
مہلک حادثات میں 80 فیصد اور غیر مہلک حادثات میں 59 فیصد کمی واقع ہوئی، جس کا کریڈٹ بہترین ٹریفک حکمت عملی اور مؤثر انتظامات کو دیا گیا ہے۔
520 افسران کی ڈیوٹی، 21 خصوصی ناکہ جات قائم
چاند رات اور عید کے دوران 520 افسران نے ٹریفک ڈیوٹی انجام دی۔ شہر بھر میں 21 خصوصی ناکہ جات قائم کیے گئے اور پارکس و عوامی مقامات پر بھی خصوصی دستے تعینات کیے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ 2025 میں اسلام آباد میں ٹریفک حادثات کی مجموعی کالز 64 تھیں، جبکہ 2026 میں یہ تعداد صرف 23 رہی۔ غیر مہلک حادثات 17 سے کم ہو کر 7 رہ گئے، جبکہ مہلک حادثات 5 سے کم ہو کر ایک تک محدود ہوئے۔
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی
ترجمان کے مطابق 3439 ڈرائیورز کے خلاف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کی گئی۔ 125 گاڑیاں اور 1147 موٹرسائیکلیں مختلف تھانوں میں بند کی گئیں۔ سنگین خلاف ورزیوں کے سلسلے میں 5 مقدمات درج کیے گئے۔
چالان اور سیکیورٹی اقدامات
ترجمان پولیس کے مطابق ون ویلنگ پر 723، غیر محفوظ ڈرائیونگ پر 223، غیر نمونہ نمبر پلیٹس پر 699 اور غیر قانونی پارکنگ پر 153 افراد کو چالان کیا گیا۔ مزید 716 افراد کو بغیر ہیلمٹ، 115 بغیر لائسنس اور 132 لین وائلیشنز پر جرمانہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: پنجاب اور سندھ میں ٹریفک حادثات، 17 افراد جاں بحق، 20 سے زائد زخمی
سی ٹی او اسلام آباد کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے کہاکہ شہریوں کو محفوظ اور منظم ٹریفک نظام فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے، اور اس کے لیے تمام انتظامات بروقت اور مؤثر طریقے سے کیے گئے ہیں۔














