حج وعمرہ میں رش کو کنٹرول کرنے کا جدید ترین انتظام: سعودی عرب نے نئی مثال قائم کردی

اتوار 29 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب نے حج اور عمرہ کے دوران لاکھوں زائرین کے ہجوم کو محفوظ، منظم اور پرسکون رکھنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا ایک مربوط اور مؤثر نظام قائم کر رکھا ہے، جسے عالمی سطح پر ایک مثالی ماڈل قرار دیا جا رہا ہے۔

مکہ، منیٰ، عرفات اور مزدلفہ جیسے مقدس مقامات پر بیک وقت لاکھوں افراد کی موجودگی کو کنٹرول کرنا ایک غیر معمولی چیلنج ہوتا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے سعودی حکام ڈیجیٹل اور سمارٹ سسٹم کا وسیع استعمال کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: عمرہ زائرین کی واپسی کے حوالے سے سعودی عرب کا اہم اعلان

حکام کے مطابق لوگوں کو منظم رکھنے کے انتظام میں سب سے اہم کردار مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام ادا کر رہے ہیں، جو زائرین کی نقل وحرکت، رفتار اور اجتماع کے رجحانات کا مسلسل تجزیہ کرتے ہیں۔

یہ سسٹم ہجوم کی شدت، دباؤ اور ممکنہ خطرات کی فوری نشاندہی کرتے ہیں، جبکہ پیشگی تجزیاتی صلاحیت کے ذریعے کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے پہلے ہی خبردار کر دیتے ہیں۔

اس طرح انتظامیہ بروقت اقدامات کر کے حادثات، خاص طور پر بھگدڑ جیسے خطرناک واقعات سے بچاؤ ممکن بناتی ہے۔

مقدس مقامات پر ہزاروں کی تعداد میں نصب جدید کیمرے 24 گھنٹے نگرانی کرتے ہیں۔ یہ کیمرے نہ صرف ہجوم کی تعداد کا اندازہ لگاتے ہیں بلکہ غیر معمولی حرکات یا خطرناک صورتحال کی نشاندہی بھی کرتے ہیں۔ ان تمام معلومات کو مرکزی کنٹرول رومز میں موجود ماہرین تک پہنچایا جاتا ہے، جہاں جدید سافٹ ویئر کے ذریعے فوری فیصلے کیے جاتے ہیں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو بروقت ہدایات دی جاتی ہیں۔

اسی طرح فضائی نگرانی کے لیے ڈرونز کا استعمال بھی اس نظام کا اہم حصہ بن چکا ہے۔ یہ ڈرونز بڑے اجتماعات، داخلی وخارجی راستوں اور حساس مقامات پر نظر رکھتے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ تھرمل کیمرے بھی استعمال کیے جاتے ہیں، جو اندھیرے یا خراب موسمی حالات میں بھی مؤثر نگرانی ممکن بناتے ہیں۔

واضح رہے کہ جغرافیائی اور سیٹلائٹ ٹیکنالوجی (جیو اسپیشل سسٹمز) کے ذریعے نہ صرف پیدل ہجوم بلکہ ٹریفک کے بہاؤ کو بھی منظم کیا جاتا ہے۔

یہ نظام مختلف راستوں پر رش کی صورتحال کا تجزیہ کرتے ہیں اور متبادل راستوں کی نشاندہی کرتے ہیں، جس سے زائرین کو سہولت ملتی ہے اور کسی ایک مقام پر غیر ضروری دباؤ کم ہو جاتا ہے۔

ڈیجیٹل ایپس نے بھی اس نظام میں انقلابی کردار ادا کیا ہے۔ نسک اور توکلنا جیسی موبائل ایپس کے ذریعے زائرین کو پیشگی اجازت نامے جاری کیے جاتے ہیں، جس کے تحت ہر مقام پر محدود اور متوازن تعداد میں افراد کو داخلے کی اجازت دی جاتی ہے۔

اسمارٹ گیٹس پر ان اجازت ناموں کی تصدیق کی جاتی ہے، جس سے نظم و ضبط برقرار رہتا ہے۔

اس سب کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے میدان میں بائیومیٹرک نظام (چہرے کی شناخت اور فنگر پرنٹ) اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کے ذریعے زائرین کی شناخت کا عمل تیز، محفوظ اور مؤثر ہوگیا ہے، جبکہ گمشدہ افراد کی تلاش اور سیکیورٹی خدشات پر بھی مؤثر کنٹرول ممکن ہوا ہے۔

زائرین کی سہولت اور حفاظت کے لیے اسمارٹ بریسلٹس بھی متعارف کرائے گئے ہیں، جن میں ذاتی معلومات محفوظ ہوتی ہیں۔ یہ بریسلٹس خاص طور پر بچوں اور بزرگوں کے لیے مفید ثابت ہو رہے ہیں، کیونکہ ان کے ذریعے گمشدہ افراد کو فوری تلاش کیا جا سکتا ہے اور ہنگامی صورتحال میں طبی امداد بھی فراہم کی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ حج کے دوران نقل وحرکت کو منظم رکھنے کے لیے ٹرانسپورٹ سسٹم کو بھی مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا گیا ہے۔ ہزاروں بسوں، ٹرینوں اور دیگر ذرائع کو ایک مرکزی سسٹم کے تحت چلایا جاتا ہے، جس سے زائرین کو مختلف مقامات تک بروقت اور محفوظ طریقے سے منتقل کیا جاتا ہے۔ اس مربوط نظام کی بدولت رش کے دباؤ میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

اعداد وشمار کے مطابق حالیہ عمرہ میں لاکھوں افراد نے شرکت کی، اور ماہرین کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال نے نہ صرف سیکیورٹی کو مضبوط بنایا بلکہ مجموعی طور پر زائرین کے تجربے کو بھی بہتر کیا ہے۔

مزید پڑھیں: عمرہ زائرین کو جعل سازی سے بچانے کے لیے 113 مصدقہ عمرہ کمپنیوں کی فہرست جاری

یاد رہے کہ سعودی عرب نے حج وعمرہ کے دوران ازدحام کے انتظام کے لیے مصنوعی ذہانت، ڈرونز، جدید کیمرے، ڈیجیٹل ایپس اور بائیومیٹرک نظاموں کو یکجا کر کے ایک ایسا مربوط ماڈل پیش کیا ہے، جو دنیا کے دیگر بڑے اجتماعات کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

یہ نظام اس بات کی واضح مثال ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر انسانی جانوں کے تحفظ اور سہولت کو کس طرح یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس: سماعت 6 اپریل تک ملتوی

’دھنیا فریج میں اگتا رہتا ہے؟‘، ندا یاسر کے بیان پر صارفین کی ٹرولنگ

تاجر رہنما عامر اعوان کے قتل میں منصور خان گینگ ملوث، افغان باشندے بھی شامل تھے، طلال چوہدری

بنگلہ دیش: ایک لاکھ 92 ہزار ٹن سے زائد ایندھن، ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن

اسرائیل میں فلسطینیوں کے خلاف سزائے موت کا نیا قانون، عالمی سطح پر شدید ردعمل

ویڈیو

گلگت بلتستان کے گاؤں سے وطن سے محبت اور آزادی کی قدر کا پیغام

پاکستان میں مہنگے فیول نے کیب ڈرائیورز اور مسافروں کو بھی مشکل میں ڈال دیا

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار بیجنگ پہنچ گئے، ایران پر بات کریں گے: چین

کالم / تجزیہ

پاکستان کا فیصلہ کیا ہوگا؟

ہم بہت خوش نصیب ہیں، ہم بہت بدنصیب ہیں

ایک حادثہ جس نے میڈیا کی بلوغت کا ثبوت دیا