وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث ہوا ہے اور اس میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیزل و پیٹرول کی فی لیٹر قیمتوں میں بالترتیب 184 روپے 49 پیسے اور 137 روپے 23 پیسے اضافہ
پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ یہ اضافہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کا نتیجہ ہے۔
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 43 فیصد جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 55 فیصد تک اضافہ کیا ہے۔ یہ اقدام عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے، خصوصاً امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث کیا گیا۔
عوام پر بوجھ کم کرنے کے لیے اقدامات
رانا ثنا اللہ کے مطابق حکومت نے گزشتہ 3 ہفتوں تک 129 ارب روپے خرچ کرکے عوام پر بوجھ منتقل ہونے سے روکے رکھا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ زیادہ دیر جاری نہیں رکھا جا سکتا تھا۔
ٹارگٹڈ سبسڈیز کا اعلان
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سیاسی قیادت سے مشاورت کے بعد عام سبسڈی کے بجائے مخصوص طبقات کے لیے ریلیف پیکج دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
موٹر سائیکل سواروں کے لیے فی لیٹر 100 روپے سبسڈی
کسانوں کے لیے فی ایکڑ 1500 روپے سبسڈی
مال بردار ٹرانسپورٹرز کے لیے 70 ہزار سے 80 ہزار روپے تک امداد
دیگر ٹرانسپورٹرز کے لیے ایک لاکھ روپے سبسڈی
انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد کرایوں میں اضافے کو روکنا اور عام آدمی کو ریلیف دینا ہے۔
اپوزیشن پر تنقید اور اتحاد کی اپیل
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کچھ عناصر عوام کو حکومت کے خلاف اکسا رہے ہیں اور حکومتی اقدامات کو نظرانداز کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ حکومت کا ساتھ دے اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں کردار ادا کرے۔
جنگ کے اثرات اور مستقبل کا خدشہ
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مشرقِ وسطیٰ میں جنگ مزید تین سے چار ماہ جاری رہی تو پاکستان کو مزید سنگین معاشی حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اتحاد اور صبر کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔
جماعتِ اسلامی کی احتجاج کی دھمکی
دوسری جانب حافظ نعیم الرحمٰن نے پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کو واپس نہ لینے کی صورت میں ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے کی دھمکی دی ہے۔
مزید پڑھیے: مریم اورنگزیب کا شہباز شریف کو خراجِ تحسین، پیٹرول بحران میں عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کی تعریف
انہوں نے کہا کہ اگر قیمتیں کم نہ کی گئیں تو چاروں صوبوں میں وزرائے اعلیٰ کے گھروں کا گھیراؤ کیا جائے گا اور ملک گیر ہڑتال بھی کی جا سکتی ہے۔













