وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت کی جانب سے پہلگام طرز کا کوئی فالس فلیگ آپریشن کیا گیا تو پاکستان اس بار بھرپور جواب دے گا، اور ہم انہیں کلکتہ تک پہنچا کر آئیں گے۔
مزید پڑھیں: بھارت کا ایک اور فالس فلیک ڈرامہ بے نقاب، مودی سرکار اور گودی میڈیا تذبذب کا شکار
سیالکوٹ میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے اثرات طویل مدت تک محسوس کیے جائیں گے، اور ان سے نمٹنے کے لیے کھربوں روپے درکار ہوں گے۔
بھارت کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ملک اس وقت شدید دباؤ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اس کی صورتحال حواس باختہ ہونے جیسی ہو چکی ہے۔
تقریب کے دوران انہوں نے سیالکوٹ میں جاری ترقیاتی کاموں پر بھی روشنی ڈالی۔ ان کے مطابق گزشتہ سال کے سیلاب نے شہر میں خاصی تباہی مچائی تھی، تاہم اب شہری مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہاکہ شہر کو مستقبل میں سیلابی پانی سے بچانے کے لیے اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں جبکہ اہم شاہراہوں سے تجاوزات ہٹانے کا عمل بھی جاری ہے۔
وزیر دفاع نے بتایا کہ اقبال منزل کے اطراف تاریخی حسن کی بحالی کے منصوبے کا آغاز ہو چکا ہے، جبکہ قلعے کے قریب 30 کروڑ روپے کی لاگت سے پارک بنایا جا رہا ہے اور اس کے اردگرد سے بھی تجاوزات ختم کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں: بھارت کی خفیہ چال بے نقاب، پاکستان کے خلاف فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کا انکشاف
انہوں نے مزید کہا کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی رہائش گاہ کو جدید خطوط پر اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، اور 10 کروڑ روپے کی لاگت سے گلشن اقبال پارک کی تعمیر جاری ہے۔
ان کے بقول وزیراعلیٰ کی خصوصی دلچسپی کے باعث شہر میں ترقیاتی منصوبوں کا ایک جامع پیکیج متعارف کرایا گیا ہے۔













