پاکستان سپر لیگ 11 کے 13ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر کامیابی حاصل کرلی ہے، ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا 169 رنز کا ہدف 17.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11، اسلام آباد یونائیٹڈ نے راولپنڈیز کو 7وکٹوں سے شکست دے دی
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔
کپتان سعود شکیل نے 41 گیندوں پر 56 رنز بنائے جبکہ بیوون جیکبز نے ناقابل شکست 49 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط اسکور تک پہنچایا۔ احمد دانیال 22 رنز بنا کر زخمی ہو کر ریٹائر ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11، لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 20 رنز سے شکست دیدی
ملتان سلطانز کی جانب سے محمد نواز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ارافات منہاس نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کو جارحانہ آغاز صاحبزادہ فرحان نے فراہم کیا جنہوں نے 14 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔ اس کے بعد اسٹیون اسمتھ نے 35 گیندوں پر 53 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔
کپتان شان مسعود نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر ناقابل شکست 46 رنز اسکور کیے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا، جبکہ آیشٹن ٹرنر 4 رنزبنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11: کراچی کنگز نے راولپنڈیز کو 5وکٹوں سے شکست دے دی
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے حسن نواز نے 2 وکٹیں حاصل کیں تاہم دیگر بولرز ملتان کی بیٹنگ لائن کو روکنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ اس کامیابی کے ساتھ ملتان سلطانز پوائنٹس ٹیبل پر اپنی مضبوط پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہی۔














