صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا میں 6 سے 9 اپریل کے دوران متوقع بارشوں کے پیش نظر سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ اضلاع کو ہائی الرٹ رہنے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا میں 6 سے 9 اپریل کے دوران بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال سے خبردار کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق مختلف دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اضلاع کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ہے، جبکہ اس سے منسلک ندی نالوں میں بھی پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔
اسی طرح کوہاٹ توئی، دریائے کرم اور دریائے گومل میں فلیش فلڈنگ کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ادارے نے پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مہمند، بنوں، کوہاٹ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈپٹی کمشنرز کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ نشیبی علاقوں اور حساس مقامات کی نشاندہی کر کے پیشگی اقدامات کیے جائیں۔
پی ڈی ایم اے نے مقامی آبادی اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی غیر ضروری سیر و تفریح سے اجتناب کریں۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شہریوں کو مسلسل آگاہ رکھے اور ضرورت پڑنے پر محفوظ مقامات کی جانب منتقلی یقینی بنائے۔
ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو مکمل الرٹ رہنے، جبکہ عملے اور مشینری کو تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ممکنہ خطرے کے پیش نظر نشیبی علاقوں سے بروقت انخلا اور مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
مزید برآں حساس علاقوں میں گاڑیوں کی نقل و حرکت محدود رکھنے، سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری نکاسی کے اقدامات کرنے اور متاثرین کو بروقت ریلیف اور طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو دریاؤں اور ندی نالوں کی مسلسل نگرانی کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہر چھ گھنٹے بعد رپورٹ پیش کرنے کا پابند بنایا ہے۔
ادارے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، جبکہ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔














