پنجاب اسمبلی میں صحافتی اداروں میں صحافیوں کی برطرفی اور میڈیا ورکرز کے مسائل کے خلاف پیش کی گئی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
حکومتی رکن افتخار چھچھر کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان میڈیا ورکرز کی ابتر معاشی حالت پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔
قرارداد کے ذریعے ایوان نے مختلف صحافتی اداروں سے برطرف کیے گئے درجنوں ملازمین کی فوری بحالی کا مطالبہ بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کفایت شعاری مہم: پنجاب اسمبلی کے اخراجات میں نمایاں کمی
قرارداد میں میڈیا اداروں میں تنخواہوں کی بروقت ادائیگی نہ ہونے پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ میڈیا ورکرز کو باقاعدگی سے تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کے لیے جامع پالیسی تشکیل دی جائے۔
اس ضمن میں متعلقہ میڈیا اداروں کو جوابدہ بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
ایوان نے محکمہ اطلاعات پنجاب اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ میڈیا ورکرز کے مسائل کے حل، روزگار کے تحفظ اور ملازمتوں کے استحکام کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جائے۔
مزید پڑھیں: پاکستان تحریک انصاف کی پنجاب اسمبلی اجلاسوں میں غیر حاضری کی وجہ کیا ہے؟
قرارداد میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ پی ایف یو جے، پریس گیلری اور دیگر منتخب پریس باڈیز کے ساتھ مستقل اور مؤثر مشاورت کو یقینی بنایا جائے۔
مزید برآں، ایوان نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے پرزور مطالبہ کیا کہ ایسے میڈیا اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو غیر قانونی معاہدوں، تنخواہوں کی بندش یا عدم ادائیگی میں ملوث ہیں، تاکہ میڈیا ورکرز کے حقوق کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔













