ملک محمد احمد خان کی ہدایات اور وزیرِ اعظم و وزیر اعلیٰ پنجاب کی کفایت شعاری مہم کے تحت پنجاب اسمبلی کے اخراجات میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: گرین ٹریکٹر اسکیم سے زرعی لینڈ اسکیپ تبدیل ہو رہا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز
اسپیکر نے اپنی تنخواہ اور سرکاری مراعات نہ لینے کے ساتھ سادہ پروٹوکول اپناتے ہوئے اسکواڈ کی گاڑی کے بجائے ذاتی گاڑی کے استعمال کو ترجیح دی، جبکہ زیر استعمال اور پروٹوکول گاڑیوں کا فیول خرچ بھی ذاتی جیب سے ادا کیا جا رہا ہے۔
ان کی ہدایت پر پروٹوکول کی 70 فیصد گاڑیاں گراؤنڈ کر دی گئیں، جس سے 7,625 لیٹر پیٹرول کی بچت ہوئی، جبکہ اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے چیئرمینز اور دیگر افسران کی گاڑیوں کے فیول اخراجات میں 50 فیصد کمی کی گئی۔
کفایت شعاری مہم کے تحت بجلی کے استعمال میں بھی نمایاں کمی کی گئی، غیر ضروری برقی آلات بند کر دیے گئے اور صرف ضروری نظام محدود پیمانے پر فعال رکھا گیا۔ مارچ 2026 میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 78 ہزار سے زائد یونٹس بجلی کی بچت کی گئی۔
اس کے علاوہ غیر ضروری خریداری پر پابندی عائد کی گئی، سرکاری تقریبات اور انٹرٹینمنٹ اخراجات میں 70 فیصد تک کمی کی گئی، جبکہ اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے اجلاس ٹیلی کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد کیے گئے۔
مزید پڑھیں: عدالتیں لگانا حکومت کا کام نہیں، احسن بھون کا وزیر اعلیٰ پنجاب کے بیان پر ردعمل
پنجاب اسمبلی میں سولر انرجی سسٹم کی تنصیب سے توانائی کی بچت میں مزید اضافہ ہوا ہے، جبکہ اسپیکر کی ہدایات کے مطابق غیر ضروری اخراجات میں مزید کمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔













