ایران کے ساتھ دو ہفتوں کی جنگ بندی پر اتفاق کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر ایک ماہ کی کم ترین سطح پر آ گیا جبکہ دیگر بڑی کرنسیاں مضبوط ہو گئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایشیائی تجارت کے دوران جاپانی ین ڈالر کے مقابلے میں 0.7 فیصد مضبوط ہو کر 158.50 ین فی ڈالر ہو گیا۔ یورو میں بھی 0.7 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 1.1677 ڈالر تک پہنچ گیا، جبکہ برطانوی پاؤنڈ 0.8 فیصد اضافے کے ساتھ 1.3403 ڈالر ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیے: ایران امریکا عارضی جنگ بندی کے بعد سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ
اسی طرح آسٹریلوی ڈالر 1.2 فیصد بڑھ کر 0.7063 ڈالر اور نیوزی لینڈ ڈالر 1.1 فیصد اضافے کے ساتھ 0.5795 ڈالر تک پہنچ گیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ جنگ بندی کے اعلان کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور انہوں نے زیادہ خطرہ مول لینے والی سرمایہ کاری کی طرف رجحان دکھایا۔ یہ اعلان اس ڈیڈ لائن سے کچھ دیر قبل سامنے آیا جس میں ایران کو آبنائے ہرمز کھولنے کا کہا گیا تھا۔
ماہرین کے مطابق اگر آبنائے ہرمز دوبارہ کھل جاتی ہے تو مارکیٹ میں جاری تیزی مزید مستحکم ہو سکتی ہے، تاہم آئندہ دو ہفتوں میں صورتحال غیر یقینی رہ سکتی ہے اور کرنسیوں میں اتار چڑھاؤ کا امکان برقرار ہے۔
یہ بھی پڑھیے: جنگ بندی کیساتھ ہی برینٹ آئل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ، بلومبرگ کی جانب سے پاکستانی کوششوں کا اعتراف
امریکی ڈالر انڈیکس، جو چھ بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر کی قدر کو ظاہر کرتا ہے، مسلسل تیسرے روز کمی کے بعد 98.943 کی سطح پر آ گیا جو 11 مارچ کے بعد کم ترین سطح ہے۔
ادھر کرپٹو کرنسی مارکیٹ میں بھی تیزی دیکھی گئی، بٹ کوائن 3.2 فیصد اضافے کے ساتھ 71,514 ڈالر جبکہ ایتھریم 5.7 فیصد بڑھ کر 2,235 ڈالر تک پہنچ گیا۔














