مئی 2025 کے بعد سفارتی میدان میں پاکستان کی بڑی پیش قدمی، بھارت کو دھچکے!

اتوار 12 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان نے نہ صرف اپنے اندرونی چیلنجز پر مؤثر انداز میں قابو پایا بلکہ علاقائی اور عالمی سطح پر بھی نمایاں پیشرفت کی جس کے نتیجے میں اس نے اپنے روایتی حریف بھارت کو متعدد میدانوں میں پیچھے چھوڑ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک سعودی معاہدہ برادرانہ تعلقات کی تجدید اور خطے میں قیام امن کی ضمانت ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

خاص طور پر مئی 2025 کی پاک بھارت کشیدگی کے بعد عالمی بیانیہ جس تیزی سے تبدیل ہوا اس نے پاکستان کی سفارتی پوزیشن کو غیر معمولی مضبوطی دی جبکہ بھارت کو متعدد سفارتی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔

اسی سلسلے میں پاکستان نے خطے میں جنگ بندی کے عمل میں اہم کردار ادا کیا جس کے بعد اب اسلام آباد میں فریقین کے درمیان مذاکرات کا نیا دور جاری ہے جو خطے میں دیرپا استحکام کی جانب ایک اہم پیشرفت تصور کیا جا رہا ہے اور پاکستان کی تاریخی سفارتی فتح قرار دیا جا رہا ہے۔

مئی 2025: سفارتی منظرنامہ بدلنے والا موڑ

مئی 2025 سے پہلے پاکستان کو عالمی سطح پر کئی سفارتی مشکلات درپیش تھیں تاہم پاک بھارت کشیدگی کے بعد صورتحال یکسر بدل گئی۔

اقوام متحدہ کے ماہرین کی رپورٹ میں بھارت کے اقدامات کو جارحانہ قرار دیے جانے سے پاکستان کے مؤقف کو بین الاقوامی سطح پر تقویت ملی جبکہ بھارت کو دفاعی پوزیشن اختیار کرنی پڑی۔

مزید پڑھیے: پاک-سعودی دفاعی معاہدہ: معاشی اور سفارتی کامیابی

اسی دوران عالمی برادری کی جانب سے بھارت کے بیانیے کو بھرپور پذیرائی نہ مل سکی جسے مبصرین بھارت کی سفارتی ناکامی قرار دیتے ہیں۔

امریکا کا جھکاؤ پاکستان کی طرف

سنہ2025  میں امریکا کے ساتھ تعلقات میں بہتری پاکستان کی اہم کامیابی رہی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف عاصم منیر کے ساتھ اعلیٰ سطحی روابط نے دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی جہت پیدا کی۔

دوسری جانب ماضی میں امریکا کا قریبی اتحادی سمجھا جانے والا بھارت اس سال اس خصوصی پوزیشن کو اسی شدت سے برقرار نہ رکھ سکا۔

سعودی عرب اور خلیج کے ساتھ پاکستان کا بڑھتا اثر

سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تعلقات سنہ 2025 میں غیر معمولی حد تک مضبوط ہوئے۔ دفاعی معاہدہ، سرمایہ کاری کے وعدے اور عسکری تعاون نے دونوں ممالک کو قریب تر کر دیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سعودی اعزاز سے نوازا جانا اس بڑھتی قربت کی علامت قرار دیا گیا۔ اس کے برعکس بھارت خلیجی سفارتکاری میں اس رفتار سے آگے نہ بڑھ سکا۔

چین کے ساتھ سی پیک 2.0 کی پیشرفت

چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات میں نمایاں گہرائی آئی جہاں سی پیک 2.0 کے تحت اربوں ڈالر کے معاہدے طے پائے۔ معاشی، تکنیکی اور دفاعی تعاون نے پاکستان کو خطے میں ایک اسٹریٹجک حیثیت دی جبکہ بھارت چین کے ساتھ کشیدہ تعلقات کے باعث اس نوعیت کے تعاون سے محروم رہا۔

 ایران اور خطہ میں پاکستان کا فعال کردار

ایران کے ساتھ سنہ 2025 میں پاکستان کے تعلقات میں واضح بہتری آئی اور خاص طور پر بحران کے دوران پاکستان کی حمایت کو سراہا گیا۔

مزید پڑھیں: جے ڈی وینس کی پاکستان آمد اور پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کا حصار، ویڈیو وائرل

ایرانی پارلیمنٹ میں پاکستان کے حق میں نعروں نے اس سفارتی کامیابی کو نمایاں کیا۔ بھارت اس تناظر میں نمایاں کردار ادا نہ کر سکا جس سے خطے میں اس کی موجودگی محدود دکھائی دی۔

 ترکیہ کی کھلی حمایت

ترکیہ نے سنہ 2025 میں پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کیا۔ رجب طیب اردوان کی جانب سے پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کے مؤقف کی حمایت نے اسلام آباد کی سفارتی پوزیشن کو تقویت دی۔ یہ پیشرفت بھارت کے لیے سفارتی سطح پر ایک چیلنج کے طور پر دیکھی گئی۔

غزہ معاملے پر پاکستان کی واضح پالیسی

غزہ کے معاملے پر پاکستان نے مسلسل اور واضح مؤقف اختیار کیا اور جنگ بندی، انسانی امداد اور فلسطینی ریاست کی حمایت کی اور اس فعال سفارتکاری نے پاکستان کو مسلم دنیا میں ایک مضبوط آواز کے طور پر پیش کیا۔ دوسری جانب بھارت کا مؤقف نسبتاً غیر واضح سمجھا گیا جس سے اس کی سافٹ پاور متاثر ہوئی۔

افغانستان پر پاکستانی مؤقف کو عالمی تائید

افغانستان کے معاملے پر پاکستان نے دہشتگردی اور سرحدی سیکیورٹی کے حوالے سے اپنے مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کیا جسے علاقائی اور عالمی سطح پر حمایت ملی۔

سابق سفیر نائلہ چوہان نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ایک سال کے دوران پاکستان نے نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی محاذ پر بھی بھارت کو نمایاں طور پر پیچھے چھوڑ دیا جس کے اثرات عالمی سطح پر واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان کو اسلام آباد میں اہم امن مذاکرات کی میزبانی پر فخر ہے، وفاقی وزیر احسن اقبال

نائلہ چوہان نے کہا کہ سال کے آغاز سے ہی بھارت کی جانب سے جارحانہ حکمت عملی اختیار کی گئی جس میں مئی کے دوران پیش آنے والے واقعات بھی شامل ہیں اور پاکستان نے فوری اور مؤثر دفاعی ردعمل دے کر دنیا کو اپنی جدید اور مربوط دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرایا۔

’بری، بحری و فضائی دفاع کی ہم آہنگ کامیابی، ایک عظیم سنگ میل

انہوں نے اس عمل کو ایک ’لینڈ مارک‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی بار تھا کہ ایئر، لینڈ اور بحری دفاع نے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کامیابی حاصل کی جس نے عالمی توجہ حاصل کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد بھارت کی جانب سے بیانیہ کنٹرول کرنے کی کوششیں بھی ناکام رہیں جبکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف زیادہ سنجیدگی سے سنا جانے لگا۔

نائلہ چوہان نے کہا کہ کشمیر میں جاری صورتحال کے ساتھ ساتھ بھارت کے اسرائیل کے ساتھ دفاعی تعاون نے بھی خطے میں کشیدگی کو بڑھایا تاہم پاکستان نے ہر سطح پر ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔

’پاکستان نے دنیا کی غلط فہمی دور کردی‘

ماہر بین الاقوامی امور حسین سہروردی نے کہا کہ مئی میں ہونے والی 4 روزہ کشیدگی نے دنیا کی یہ غلط فہمی دور کر دی کہ پاکستان بھارت کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی تاریخ میں قابلِ فخر لمحات کون سے ہیں؟

حسین سہروردی نے کہا کہ اس تنازعے کے دوران طاقت کا توازن پاکستان کے حق میں جاتا دکھائی دیا جس کے باعث بھارت کو عالمی مداخلت کی ضرورت پیش آئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ابتدا سے ہی شفاف تحقیقات کے لیے مشترکہ کمیشن بنانے کی تجویز دی تاہم اس کوشش کو سبوتاژ کیا گیا لیکن اس کے باوجود، اس واقعے کے بعد پاکستان کا عالمی قد بڑھنا شروع ہوا اور مختلف بین الاقوامی معاملات میں اس کا کردار نمایاں ہو گیا۔

حسین سہروردی نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک ذمہ دار ثالث کے طور پر خود کو منوایا۔

’بڑی طاقتوں کا پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کا اعتراف‘

انہوں نے کہا کہ حالیہ عالمی تنازعات میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو مثبت پذیرائی ملی اور بڑی طاقتوں نے بھی اس کردار کو تسلیم کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ گزشتہ ایک سال کے دوران عالمی میڈیا اور سفارتی حلقوں میں پاکستان کا تذکرہ بڑھا ہے جبکہ بھارت کو اس عرصے میں سفارتی سطح پر چیلنجز کا سامنا رہا۔

مزید پڑھیے: ایران امریکا جنگ رکوانے میں پاکستان کا کردار قابلِ تحسین، عالمی وقار میں اضافہ: مفتی تقی عثمانی

ان کے مطابق پاکستان کی متوازن پالیسیوں، فعال سفارتکاری اور مؤثر بیانیے نے اسے عالمی منظرنامے میں ایک اہم کھلاڑی کے طور پر پیش کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

’تیرے بن 2‘ کا باضابطہ اعلان، وہاج علی اور یمنیٰ زیدی ایک بار پھر جلوہ گر ہوں گے

آن لائن کیب ڈرائیور کا جعلی ایپ کے ذریعے کرایہ بڑھانے کا انکشاف، کمپنی کا ڈرائیور کیخلاف کارروائی کا اعلان

مشرق وسطیٰ جنگ عالمی معیشت کے لیے خطرہ، شرحِ نمو اور مہنگائی پر شدید اثرات متوقع، سربراہ ورلڈ ورلڈ بینک

جنوبی ایشیائی افراد میں امراض کا تناسب زیادہ کیوں ہے؟ اب تک کی سب سے بڑی تحقیق کا آغاز

اسلام آباد میں اہم ٹریفک ایڈوائزری: مختلف شاہراہوں پر ڈائیورژنز، ریڈ زون مکمل بند

ویڈیو

لائیواسلام آباد مذاکرات: بغیر کسی معاہدے کے واپس جا رہے ہیں، تاہم بات چیت کے دروازے بند نہیں کیے، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس

امریکا اور ایران ایک میز پر، آگے کیا ہونے جا رہا ہے؟

عرب میڈیا سے تعلق رکھنے والی صحافی پاکستانیوں سے متاثر، امریکا ایران مذاکرات میں پاکستان کی ثالثی اہم قرار دیدی

کالم / تجزیہ

معرکۂ امن، اسلام آباد کی دہلیز پر بدلتی دنیا

وہیل چیئر پر دنیا کی سیاحت کرنے والی مہم جُو خواتین

اسلام آباد میں آخری اوور