16 سے 19 اپریل تک بارش اور برفباری کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا الرٹ جاری

پیر 13 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پشگوئی کی ہے، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں لینڈ سلائنڈنگ و سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیر کے روز جاری کردہ الرٹ میں کہا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں جمعرات (16 اپریل) سے اتوار (19 اپریل) تک بارشوں، آندھی اور گرج چمک کا امکان ہے، مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ 16 اپریل کو ملک کے شمال مغربی حصوں میں داخل ہوگا جو 19 اپریل تک بالائی علاقوں میں موجود رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: 12 سے 17 اپریل تک بارشوں کا نیا سلسلہ، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

اس موسمی نظام کے تحت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول چترال، سوات، ایبٹ آباد، پشاور اور مردان میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے، جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔

 گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی معتدل سے شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ پنجاب کے شہروں مری، گلیات، اسلام آباد، لاہور، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں 16 سے 18 اپریل کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں اس دوران آندھی اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مری میں شدید بارش، لینڈ سلائیڈ اور سیلاب کا خطرہ، ہائی الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 17 سے 19 اپریل کے دوران شدید بارشوں کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور کسانوں کو فصلوں کی کٹائی کے حوالے سے احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دریں اثنا، سندھ کے مختلف اضلاع میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔ شہید بینظیر آباد اور مٹھی میں درجہ حرارت 43.5 ڈگری سیلسیس تک جا پہنچا ہے، جبکہ دادو، سکرنڈ اور ٹنڈو جام میں پارہ 42 ڈگری رہا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں بارشوں سے تباہی، 26 افراد جاں بحق، بالائی علاقوں میں سیلاب اور گلیشیئر جھیل پھٹنے کا الرٹ جاری

 کراچی میں بھی درجہ حرارت 36 ڈگری سے تجاوز کر گیا ہے اور ماہرینِ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شہر میں آئندہ چند روز تک غیر معمولی گرمی اور حبس کی شدت برقرار رہ سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp