پاکستان سپر لیگ میں شاندار کارکردگی کے بعد لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا ہے کہ ٹیم نے برسوں پہلے ہارنے کا سلسلہ ختم کر دیا تھا اور اب مسلسل ٹرافیاں جیت کر کامیابی کو اپنی پہچان بنا لیا ہے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے ایک اہم میچ میں راولپنڈیز کے خلاف کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف کا کہنا تھا کہ ٹیم کی حالیہ کامیابیوں کے پیچھے مسلسل محنت اور اپنی غلطیوں سے سیکھنے کا عمل شامل ہے۔ ان کے مطابق جب ٹیم کی کارکردگی بہتر نہیں ہوتی تو خامیوں پر سنجیدگی سے کام کیا جاتا ہے، اور حالیہ میچز میں ہونے والی غلطیوں کو بھی درست کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 11: راولپنڈیز کو مسلسل 7ویں ناکامی کا سامنا، لاہور قلندرز نے 75رنز سے شکست دیدی
انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ بولرز وکٹیں حاصل کریں، کیونکہ اسی سے رنز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ حارث رؤف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایک کھلاڑی کو خود ہی اپنی کمزوریوں کو پہچان کر انہیں بہتر بنانا ہوتا ہے۔
میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈیز کے خلاف مقابلے میں بیٹرز کی شاندار کارکردگی نے بڑا اسکور بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جس سے بولرز کے لیے دفاع آسان ہوگیا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے زیادہ آسان نہیں تھی، اس کے باوجود بیٹرز نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔

حارث رؤف نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم اب اس مرحلے پر پہنچ چکی ہے جہاں مزید شکست کی گنجائش نہیں، اور آئندہ تمام میچز جیتنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ پلے آف مرحلے تک رسائی آسان ہو سکے۔ ان کے بقول ہم نے 5 سال پہلے ہارنے کی عادت چھوڑ دی تھی، اور اب 3 بار ٹرافی جیت کر فتح کو اپنی عادت بنا لیا ہے۔
واضح رہے کہ اس میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے، جس کے جواب میں راولپنڈیز کی ٹیم 9 وکٹوں پر 178 رنز تک محدود رہی اور یوں اسے 32 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 11: ’جائیں گھوم پِھر آئیں‘، ملتان سلطان نے کھلاڑیوں کو چھٹی دے دی
یہ راولپنڈیز کی ایونٹ میں مسلسل 7ویں شکست تھی، اور وہ اب تک ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی، جس کے باعث وہ پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔













