متحدہ عرب امارات کی کرکٹ تاریخ میں ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں 5 کھلاڑیوں خزیمہ تنویر، اجے کمار، اکشدیپ ناتھ، ہرپریت بھاٹیا اور ادیب عثمانی کو نیچرلائزیشن کے ذریعے اماراتی شہریت دے دی گئی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ یو اے ای میں کرکٹرز کو اس طریقے سے شہریت دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: یو اے ای نے پی ایس ایل 11 سے کھلاڑی واپس بلا لیے، ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں شرکت کی ہدایت
یہ تمام کھلاڑی اس وقت 17 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہیں جو نیپال میں 2 ٹی20 میچز اور ایک ون ڈے سہ ملکی سیریز کھیلنے کے لیے موجود ہے۔
اس سے قبل یو اے ای میں فٹبال، رگبی اور جوڈو کے کھلاڑیوں کو 2018 کے صدارتی فرمان کے تحت شہریت دی جا چکی ہے، تاہم کرکٹ میں زیادہ تر کھلاڑی غیرملکی پس منظر کے حامل رہے ہیں جو آئی سی سی کے 3 سالہ قیام کے قانون کے تحت ٹیم کی نمائندگی کرتے تھے۔ اب ان 5 کھلاڑیوں کو باقاعدہ پاسپورٹ ملنے کے بعد وہ بطور شہری یو اے ای کی نمائندگی کر سکیں گے۔
اجے کمار نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای پہنچنے کے دن سے ہی ان کا خواب تھا کہ وہ اس ملک کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کریں، اور اب یہ خواب پورا ہو رہا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ اور کرکٹ بورڈ کی مکمل حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔
مزید پڑھیں: فضائی آپریشن متاثر، سری لنکا نے افغانستان کے خلاف مجوزہ کرکٹ سیریز ملتوی کر دی
خزیمہ تنویر نے اس موقع کو زندگی کا ناقابلِ بیان لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کے لیے اپنے ملک کی نمائندگی کرنا سب سے بڑا اعزاز ہوتا ہے۔ انہوں نے یو اے ای کرکٹ بورڈ کی حمایت اور مواقع فراہم کرنے پر اظہارِ تشکر کیا۔














