اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو حالیہ 3 ارب ڈالر کے معاہدے کے تحت سعودی عرب کی جانب سے دوسری قسط میں مزید ایک ارب امریکی ڈالر موصول ہوگئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق سعودی وزارتِ خزانہ کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی رقم 20 اپریل 2026 کی ویلیو ڈیٹ پر موصول ہوئی۔ یہ رقم سعودی عرب کے ساتھ طے پانے والے 3 ارب ڈالر ڈپازٹ پروگرام کی دوسری قسط ہے۔
اس سے قبل اسٹیٹ بینک نے تصدیق کی تھی کہ اسے 15 اپریل 2026 کو پہلی قسط کے طور پر 2 ارب امریکی ڈالر موصول ہوئے تھے۔ دونوں اقساط کی وصولی کے بعد مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں شامل ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر 21 ارب 89 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئے
یاد رہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کے پاس پہلے سے موجود 5 ارب ڈالر ڈپازٹ کو مزید 3 سال کے لیے توسیع دینے کا بھی اعلان کیا تھا، جبکہ اس کے ساتھ اضافی 3 ارب ڈالر فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔
سعودی حکام کے مطابق یہ مالی تعاون پاکستان کو درپیش معاشی مشکلات سے نمٹنے، مالی استحکام پیدا کرنے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں مدد دینے کے لیے فراہم کیا جا رہا ہے۔
State Bank of Pakistan has received funds of US$ 1 billion from Ministry of Finance, Kingdom of Saudi Arabia in the value date of 20April2026. This is the second tranche of the $3 billion deposit recently agreed by Kingdom of Saudi Arabia. First tranche of $2 billion has already…
— SBP (@StateBank_Pak) April 21, 2026
ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ یہ معاونت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ کے باعث پاکستان کی معیشت کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی امداد سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں بہتری آئے گی، روپے پر دباؤ کم ہوگا اور بیرونی ادائیگیوں میں آسانی پیدا ہوگی۔














