امریکا کی ایک بایوٹیک کمپنی نے ایک ایسی تجرباتی دوا تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو کتوں کے حیاتیاتی بڑھاپے کو سست کر سکتی ہے اور ان کی زندگی کے صحت مند سالوں میں اضافہ کر سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کتے انسانوں کے دوست کتنے ہزار سال پہلے بنے؟
اس پیشرفت کو جانوروں کی طویل عمر کے حوالے سے ایک اہم سائنسی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
دنیا بھر میں متعدد کمپنیاں انسانوں اور جانوروں کی عمر بڑھانے کے طریقوں پر اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہیں تاہم انسانی ادویات کے لیے سخت ریگولیٹری منظوری ایک بڑی رکاوٹ ہے کیونکہ اس کے لیے طویل عرصے پر محیط کلینیکل ٹرائلز درکار ہوتے ہیں۔ اس کے مقابلے میں ویٹرنری (جانوروں کی) ادویات کی منظوری نسبتاً آسان سمجھی جاتی ہے۔
اسی سلسلے میں کمپنی لائل نے اپنی دوا ایل او وائی 002 کے حوالے سے اہم ریگولیٹری مرحلہ عبور کر لیا ہے جسے کسی بھی نسل کے لیے عمر بڑھانے کی پہلی (ممکنہ) دوا قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ دوا بیف فلیور والی گولی کی صورت میں تیار کی گئی ہے اور خاص طور پر 10 سال سے زائد عمر اور کم از کم 14 پاؤنڈ وزن والے بڑے کتوں کے لیے بنائی گئی ہے۔
یہ دوا ایک اہم ہارمون آئی جی ایف 1 کو ٹارگٹ کرتی ہے جو کتوں کی نشوونما اور میٹابولزم میں کردار ادا کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق جوانی کے بعد اس ہارمون کی زیادہ مقدار خلیاتی بڑھاپے کے عمل کو تیز کر سکتی ہے۔
مزید پڑھیے: پالتو کتوں کے مالکان کے لیے اہم وارننگ لیتھیم: بیٹری ان سے دور رکھیں
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ دوا آئی جی ایف 1 کے اثرات کو کم کر کے حیاتیاتی بڑھاپے کی رفتار کو سست کرتی ہے جس سے کتوں کی زندگی کے آخری سال بہتر معیار کے ساتھ گزر سکتے ہیں۔ یہ خاص طور پر بڑے نسل کے کتوں کے لیے تیار کی گئی ہے کیونکہ ان کی اوسط عمر نسبتاً کم ہوتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس دوا کے لیے امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے جانوروں کی حفاظت سے متعلق اہم تکنیکی سیکشن کی منظوری دے دی ہے جو مارکیٹ تک رسائی کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
کمپنی کی ویٹرنری ماہر ایلن ریٹ کلف کے مطابق یہ منظوری اس بات کا اعتماد دیتی ہے کہ دوا محفوظ اور مؤثر ہو سکتی ہے۔ اب صرف ایک اہم کلینیکل مرحلہ باقی ہے جس میں دوا کی مؤثریت کو حتمی طور پر جانچا جائے گا۔
مزید پڑھیں: کتے نے ابتدائی اسٹیج کینسر کی نشاندہی کرکے مالکن کی جان بچالی
ماہرین کے مطابق اگر یہ مرحلہ کامیاب ہو گیا تو یہ دوا سنہ 2027 کے آخر تک مارکیٹ میں دستیاب ہو سکتی ہے جو پالتو جانوروں کی صحت اور عمر کے شعبے میں ایک بڑی پیشرفت تصور کی جا رہی ہے۔
یہ دوا ابھی کلیکنل ٹرائل کے مرحلے میں ہے
یہ دوا ابھی کلینیکل ٹرائل کے مرحلے میں ہے یعنی اسے ابھی مکمل طور پر مارکیٹ میں فروخت کرنے کی اجازت نہیں ملی۔لائل کی یہ دوا ایل او وائی 002 اس وقت ایف ڈی اے کی منظوری کے مختلف مراحل سے گزر رہی ہے جن میں حفاظت اور ابتدائی مؤثریت کے اہم حصے قبول ہو چکے ہیں لیکن حتمی منظوری کے لیے ابھی ایک بڑا کلینیکل ٹرائل باقی ہے۔
یہ دوا کیسے کام کرتی ہے؟
یہ دوا کتوں کے جسم میں موجود ایک اہم ہارمون آئی جی ایف-1 کو ہدف بناتی ہے جو میٹابولزم میں کردار ادا کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق جوانی کے بعد اس ہارمون کی زیادہ مقدار جسم میں بڑھاپے کے عمل کو تیز کر سکتی ہے۔
اس کا بنیادی مقصد کیا ہے؟
ایل او وائی 002 کا مقصد بیماری کا علاج نہیں بلکہ عمر بڑھنے کے عمل کو سست کرنا ہے تاکہ کتوں میں عمر بڑھنے کے ساتھ آنے والی کمزوری، بیماریوں اور کم نقل و حرکت کو دیر سے ظاہر کیا جائے۔
اس طرح کتوں کو زیادہ عرصہ بہتر صحت اور بہتر معیار زندگی کے ساتھ زندہ رکھا جا سکے۔
کتوں کی اوسط عمر
کتوں کی عمر عام طور پر ان کی نسل، سائز اور دیکھ بھال پر منحصر ہوتی ہے۔ اوسطاً زیادہ تر کتے تقریباً 10 سے 13 سال تک زندہ رہتے ہیں۔
چھوٹی نسل کے کتے نسبتاً زیادہ عمر پاتے ہیں اور بعض اوقات 12 سے 16 سال تک بھی جی سکتے ہیں۔
اس کے برعکس بڑے سائز کے کتے عموماً کم عمر ہوتے ہیں اور ان کی اوسط عمر تقریباً 8 سے 12 سال کے درمیان ہوتی ہے۔ کچھ خاص اور نایاب صورتوں میں کتے 18 سے 20 سال تک بھی زندہ رہ سکتے ہیں لیکن یہ بہت کم دیکھا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ملیے دنیا کے سب سے چھوٹے، جیبی سائز کتے سے!
زیادہ تر کتے ایک انسان کے مقابلے میں کافی کم عمر ہوتے ہیں اس لیے ایل او وائی 002 جیسی دوائیں اپنے پالتو کتوں سے محبت کرنے اور ان کو اپنے ساتھ تادیر دیکھنے کی خواہش رکھنے والوں کے لیے خوشی کا باعث ہوسکتی ہیں۔














